سیاحوں کی آمد میں اِضافہ کے پیش نظر صنعت میں پیشہ ور اور ہنر مند اَفرادی قوت کی ضرورت ہے۔ فضل الحسیب
سری نگر//ڈائریکٹوریٹ ٹوراِزم کشمیر میں آج ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز کے عملے کے لئے تین روزہ صلاحیت سازی پرگرام شروع ہوا ۔ محکمہ سیاحت نے اِس پروگرام کا اِنعقاد سما ل اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف اِنڈیا ( ایس آئی ڈی بی آئی ) کے اشتراک سے کیا ہے۔ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب نے پروگرام کا اِفتتاح کیا جس میں وادی کشمیر کے مختلف ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز کے تقریباً 300 فرنٹ لائن سٹاف حصہ لے رہے ہیں۔تین روزہ تربیتی پروگرام میں بنیادی گرومنگ اور آداب ، شکایت سے نمٹنے ، مہمانوں سے نمٹنے اور مہمان نوازی کے دیگر بنیادی اَصولوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور مختلف طبقات کے ماہرین شرکأ کو تربیت دیں گے۔ناظم سیاحت کشمیر نے شرکأ سے خطاب کرتے ہوئے سیاحتی صنعت میں ایک ہنرمند اور پیشہ ور فرنٹ لائن سٹاف کی ضرور ت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ۔19 کے بعد اور وادی میں سیاحوں کی آمد میں اِضافہ سے پیشہ ورانہ اور تکنیکی طور پر تربیت یافتہ عملے کی ضرورت بہت زیادہ محسوس کی جارہی ہے اور محکمہ نے تربیتی پروگراموں کا یہ سلسلہ شروع کیا ہے۔اُنہوں نے سما ل اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف اِنڈیا ( ایس آئی ڈی بی آئی ) کے کردار کو سراہا جو آگے آئے اور پروگرام کی سیریز کو کامیاب بنانے کے لئے ہر طرح کا تعاون کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کا ایک اور پروگرام جلد ہی ٹورسٹ گائیڈز کے لئے منعقد کیا جائے گا تاکہ اُنہیں اِنڈسٹری کے مختلف متعلقہ اور اُبھرتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر محکمہ سیاحت ،سما ل اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف اِنڈیا ( ایس آئی ڈی بی آئی ) کے سینئر اَفسران اور پروگرام کنڈکٹنگ ایجنسی سٹے پیٹرن ہاسپیٹلٹی سروس کے نمائندے موجود تھے۔اِس سے قبل محکمہ نے سی آئی ڈی بی آئی کے اشتراک سے ٹور، سکی گائیڈز ، سکی پٹرول کے لئے اِسی طرح کا ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا ہے جو گلمرگ کے مشہور سکی ریزوٹ اور دیگر مقامات پر مختلف سرگرمیوں میں کام کر رہے ہیں۔محکمہ سیاحت اور ایس آئی ڈی بی آئی کے اِس مشترکہ اقدام کے تحت آنے والے دِنوں میں ٹورسٹ گائیدز کے لئے ایک اور تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔










