سرینگر //سول سیکرٹریٹ سرینگر میں آج متعدد وفود اور افراد نے نائب وزیر اعلیٰ مسٹرسریندر کمار چودھری سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ایم ایل اے سوپور ارشاد رسول کار کی سربراہی میں سیر ، جگیر اور دیگر دیہات کے لوگوں کے وفد نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سوپور میں ریت کی غیر قانونی کان کنی کا معاملہ اٹھایا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے انہیں اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے پختہ اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ۔ جے اینڈ کے ٹھیکیدار کوارڈینیشن کمیٹی کے ایک وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو مختلف امور اور انہیں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ محکمہ پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) کے اسسٹنٹ انجینئرز کے ایک اور وفد نے بھی سنیارٹی لسٹ اور پروموشن کے حوالے سے اپنے معاملات کو نائب وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا ۔ نائب وزیر اعلیٰ کی طرف سے ان کے حقیقی مسائل /شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ معاشرے کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے بہت سارے افراد نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا جو بنیادی طور پر سڑکوں ، پانی کی کمی ، بے قاعدہ بجلی کی فراہمی ، منتقلی ، سڑک کے رابطے وغیرہ سے متعلق تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام وفود اور افراد کو غور سے سُنا اور ان کے جائیز مسائل کو مرحلہ وار طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔










