نائب وزیراعلیٰ نے کے وِی آئی بی کو روزگار اور معاشی ترقی کیلئے مزیدفعال بنانے پر زور

نائب وزیراعلیٰ نے کے وِی آئی بی کو روزگار اور معاشی ترقی کیلئے مزیدفعال بنانے پر زور

سری نگر// نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے جموں و کشمیر کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ (کے وِی آئی بی) کو دیرپا روزگار کے مواقع پید اکرنے اور جموںوکشمیر میں اِقتصادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے مزید فعال او رمتحرک بنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار سول سیکرٹریٹ سری نگر میں کے وِی آئی بی کے کام کاج کاتفصیلی جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دورانِ میٹنگ اُنہوں نے پرائم منسٹرز ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (پی ایم اِی جی پی) اور جموں و کشمیر رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (جے کے آر اِی جی پی) کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اِس کے علاوہ رواں مالی برس کے دوران دونوں سکیموں کے تحت قائم کئے گئے یونٹوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔نائب وزیراعلیٰ نے لوگوں تک سکیموں کی رسائی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ تمام دستیاب ذرائع بشمول سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعے ایک وسیع بیداری مہم شروع کی جائے تاکہ ان سکیموں کے تحت خواہشمند کاروباری افراد کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے سکولوں، کالجوں اور دیہی علاقوں میں بیداری کیمپوں کے اِنعقاد کی اہمیت پر زور دیا تاکہ لوگوںبالخصوص نوجوانوں اور خواتین کو خود روزگار کے مختلف اقدامات کے تحت دستیاب فوائد اور مواقع کے بارے میں پوری طرح سے آگاہ کیا جائے۔سریندر کمار چودھری نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ ان بیداری پروگراموں میں مقامی عوامی نمائندوں کو شامل کریں اور نچلی سطح پر عوامی مشغولیت اور بیداری کو مضبوط بنانے کے لئے آؤٹ ریچ کیمپوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اِدارہ جاتی اِصلاحات پر زور دیتے ہوئے بورڈ سے کہا کہ وہ کارکردگی ، شفافیت اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اَقدامات کوعملاتے ہوئے اپنے کام کاج کو بہتر بنائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہمارا مقصد ایسے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع اور معاشی وسائل پیدا کرنا ہے جو کام کرنے کے خواہشمند ہیں، خود انحصاری کے خواہاں ہیں اورملازمت کے متلاشی بننے کے بجائے دوسروں کو روزگار فراہم کرنے والے بننا چاہتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے افسران اور ملازمین کو مزید ہدایت دی کہ وہ شفافیت اور جوابدہی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سرکاری سکیموں کے ثمرات مستحقین تک مؤثر طریقے سے اور تاخیر کے بغیر پہنچیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کے وِی آئی بی پروگراموں کی اِفادیت اور اثرات کو بڑھانے کے لئے دوسرے خطوں میںکامیابی سے عملائے گئے ماڈلوں سے بہترین طریقۂ کار اَپنانے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں خواتین کی کاروباری سرگرمیوں اور خود روزگار کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ وہ اِقتصادی ترقی اور مالی بااختیاری بنانے میںمؤثر کردار اَدا کر سکیں۔میٹنگ میں روایتی صنعتوں کی بحالی کے لئے فنڈ کی سکیم (ایس ایف یو آر ٹی آئی) کے کام کاج اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں روایتی صنعتوں، دستکاروں اور دیہی کاروباری اِداروں کی مدد کے لئے ان کی مزید مضبوطی کے لئے ہدایات جاری کی گئیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ اور کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ سمیت متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔