بروقت عملدرآمد ، قابلِ اعتماد رہائش کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل پر زور دیا
اننت ناگ//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے وزیر اعظم پیکج کے تحت کشمیری مہاجر ملازمین کیلئے ٹرانزٹ رہائش کے تعمیراتی کام کا معائینہ کرنے کیلئے اننت ناگ ضلع کے مٹن میں مچبھون اور مارتنڈ کا دورہ کیا ۔ معائینہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ مچبھون اور مارتنڈ کے 15 بلاکس میں سے 10 بلاکس مکمل ہو چکے ہیں اور 5 بلاکس پر کام جاری ہے اس منصوبے کے تحت 70 فیصد سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا گیا ہے ۔ مقررہ مدت میں اس منصوبے کو مکمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے قابل اعتماد رہائشی انفراسٹرکچر کی تشکیل کیلئے معیاری مواد کے استعمال پر زور دیا ۔ انہوں نے مستقبل کے رہائشیوں کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے انٹیرئیر ڈیزائن سمیت مواد کے معیار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جاری منصوبوں کی تیز اور معیاری تعمیر کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے تا کہ سماجی و معاشی ترقی میں مزید اضافہ ہو سکے ۔ مسٹر چودھری نے زیر تعمیر بلاکس کی پیشرفت ، بروقت تکمیل اور سخت نگرانی کی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ بیک وقت ٹرانزٹ رہائش اور باؤنڈری وال تک پہنچنے والی سڑک پر کام مکمل کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ عہدیداروں کو متنبہ کیا کہ وہ ٹائم لائن پر عمل پیرا ہونے اور مواد کے معیار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔










