میلہ کھیر بھوانی کیلئے حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں

میلہ کھیر بھوانی کیلئے حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں

یاتریوں کی حفاظت پولیس کی ترجیحات میں شامل ۔ ایس ایس پی گاندربل

سرینگر///میلہ کھیر بھو انی کو احسن طریقے سے منعقد کرانے کیلئے حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تولہ مولہ میں فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ ادھر ایس ایس پی گاندربل نے بتایا کہ میلہ کھیر بھوانی کیلئے فول پروف سیکورٹی سیٹ اپ لگایا گیا ہے اور کسی بھی امکانی گڑ بڑھ سے نمٹنے کیلئے پولیس عملہ مکمل طور پر تیار ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق گاندربل ضلع کے تولہ مولہ علاقے میں ماتا خیربھاوانی کے درشن کرنے کے ارادے سے آنے والے یاتریوں کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گاندربل سندیپ گپتا نے کہا کہ یہاں ماتا کھیربھوانی مندر جانے کا ارادہ رکھنے والے یاتریوں کی حفاظت کے لیے تمام راستوں کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں خطے میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور انہوں نے دہشت گردوں کے طریقہ کار کا بخوبی مطالعہ کیا ہے۔ہم یاتریوںکو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی حفاظت ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔ انہیں کسی قسم کا خطرہ محسوس نہیں کرنا چاہئے اور بغیر کسی خوف کے ماتا کھیر بھوانی مندر کا دورہ کرنا چاہئے کیونکہ ہم ان کی حفاظت اور سلامتی کے لئے یہاں موجود ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ محفوظ اور محفوظ امرناتھ یاترا کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جو اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی ہے۔