سرینگر//موسم سرما کی شدید ترین سردی میں جنوبی کشمیر میں بجلی کی ہاہا کار مچی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عوام نے سڑکوں پر سیخ پا ہو کر شدید احتجاجی مظاہرے کئے۔صارفین نے محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشا نہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی شیڈول کے مطابق جلد از جلد بحال کی جائے۔ سی این آئی کے نمایندے امان ملک کے مطابق موسم سرما شروع ہوتے ہی وادی میں بجلی کی بحرانی صورتحال پیدا ہوتی ہے اوریہ سلسلہ گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور اس حوالے سے تمام حکومتیں نہ صرف صارفین کو معقول اور مناسب بجلی کی سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہیں بلکہ بجلی کے سپلائی نظام کو درست کرنے میں غیر سنجیدہ کا مظاہرہ کیا ہے۔وادی کے بیشتر اضلاع میں بھی ایسی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ وادی کے شمال و جنوب سے نمائندوں نے اطلاع دی ہے کہ بجلی کی ابتر صورتحال اس قدر ہے کہ 24گھنٹوں میں صارفین کو مشکل سے ہی 6یا 8گھنٹے بجلی کی سپلائی فراہم کی جاتی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ صارفین کو بجلی کی عدم دستیابی کے حوالے کس طرح تکلیف دہ صورتحال سے گذرنا پڑرہاہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ محکمہ کے ملازمین کو اگرچہ اس بارے میں کئی بار منت سماجت کی گئی تاہم انہوں نے صارفین کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں اْٹھایا۔صارفین نے محکمہ بجلی کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ صارفین کو معقول بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اْٹھائیں جائے۔ بصورت دیگر لوگ احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہوجائیں گے۔صارفین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی سپلائی جلد از جلد شیڈول کے مطابق بحال کی جائے۔ واضح رہے کہ وادی میں موسم سرما شروع ہوتی ہے بجلی کی کٹوتی شیڈول جاری ہوتا ہے اور صارفین کو وقت وقت پر بجلی فراہم کی جاتی ہے تاہم کئی علاقوں میں صارفین کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کرپارہی ہے اور دن میں ایک گھنٹے بعد بجلی چار گھنٹوں تک بند رکھی جاتی ہے جبکہ کئی جگہوں پر بجلی کی آنکھ مچولی شیڈول کے دوران بھی جاری رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔










