مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا کپواڑہ میں ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ممبران اور پی آر آئی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال

کپواڑہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے آج ضلع کپواڑہ کے ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چیئر پرسنوں اور پی آر آئی نمائندوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دورانِ بات چیت ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ، ایس ایس پی کپواڑہ ، ایس پی ہندواڑہ اور دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔مشیر موصوف نے عوامی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ نے جموںوکشمیر میں پنچایتی راج نظام کو مضبوط کیا ہے اور نچلی سطح کے لوگوں کو جموں وکشمیر کے ترقیاتی عمل میں حصہ لینے کا موقعہ فراہم کیا جارہا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ ضلع کپواڑہ ایل جی اِنتظامیہ کی توجہ کا مرکز بنارہا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بہت سی اَچھی چیز یں سامنے آئی ہیں جبکہ ضلع میں رہنے والے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے بہت کرنے کی گنجائش موجود ہے۔دورانِ بات چیت نائب ڈی ڈی سی کپواڑہ نے مشیر موصوف کو لولاب۔ بانڈی پورہ سڑک کی تکمیل ، سیاحتی مقامات کی ترقی اور ضلع سے متعلق مختلف مطالبات گوش گزار کئے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے عوامی نمائندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے متعدد مسائل اور مطالبات پر غور کرتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔