مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا دورۂ کپواڑہ ، ضلع کے تریاتی منظر نامے کا جائزہ لیا

کپواڑہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے آج کہا کہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ کا واحد مقصد جموںوکشمیر کے عوام کی خدمت کرنا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَفسروں اور عہد ہ داروںکو اَپنے مقررہ کردہ کاموں کے ہدف کوپورا کرنے کے لئے ذاتی دِلچسپی اور مداخلت کی ضرورت ہے۔مشیر موصوف جوضلع کپواڑہ کے دو روزہ دورے پر ہیں ،نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ڈی سی آفس کمپلیکس میں ضلع ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ اِس حقیقت سے واقف ہے کہ ضلع کپواڑہ ہمیشہ قوم کی تعمیرمیں اَپنا تعاون فراہم کرتا رہا ہے اور اِس طرح اِس ضلع کی خوشحالی اور ترقی ہمیشہ لیفٹیننٹ گورنر کی اوّلین ترجیح رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع کو اسپریشنل ڈسٹرکٹ کا درجہ مل گیا ہے اور اِس وجہ سے ضلع اچھے فنڈس حاصل کررہا ہے۔راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ تمام اَفسران اور فیلڈ دائرہ کاروں پر لازم ہے کہ وہ محنت ، عزم اور لگن سے کام کریں اور اَپنے آپ کو عوام کے سامنے جواب دہ بنائیں۔اُنہوں نے کہاکہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ مساوی ترقی پر یقین رکھتی ہے اور شہری اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے ہمیشہ پالیسیوں پر کام کرتی ہے۔اُنہوں نے اَفسران کو لوگوں سے قریبی رابطہ رکھنے اور ضلع کی ترقی میں ان کو شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایل جی اِنتظامیہ جموںوکشمیر کے لوگوں کو جواب دہ اور شفاف طرزِ حکمرانی فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور رشوت کے خلاف کوئی رواداری نہیں رکھتی ۔مشیر موصوف نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ ضلع کی سیاحتی صلاحیت سے فائدہ اُٹھائیں کیوں کہ اِس میں سیاحتی شعبے کو وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے اُنہوں نے افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ ضلع کی ترقیاتی ضروریات کو بڑھانے کے لئے دیگر شعبوں جیسے زراعت اور باغبانی کی صلاحیتوں کو اِستعمال کریں۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ضلع کے تمام جاری ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا شعبہ واری تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے مشیر موصوف کو تفصیلی پرزنٹیشن سے ضلع کے ترقیاتی پروفائل کے بارے میں آگاہ کیا۔مشیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ ضلع کارواں مالی سال کے لئے 1,598.53 کروڑ روپے کا کیپکس بجٹ ہے جس میں سے 141.58 کروڑ روپے جار ی کئے گئے ہیں۔ اُنہیں بتایا گیا کہ آر اینڈ بی ، پی ایم جی ایس وائی اور بی اِی اے سی او این کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران 237 کلومیٹر ہدف کے مقابلے میں اَب تک 120 کلومیٹر طویل سڑک کو بلیک ٹاپ کیا گیا ہے ۔ گذشتہ مالی برس کے دوران 248 کلو میٹر طویل سڑک کو بلیک ٹاپ کیا گیا ہے۔راجیو رائے بھٹناگرکو بڑے نیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہندواڑہ میں 46.45 کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع ہسپتال ، 7.32 کروڑ روپے کی لاگت سے کولنگم میں 50 بستروں والا آیوش ہسپتال ، کپواڑہ میں 2.50روپے کی لاگت سے گجر اور بکروال کے طلبا ء کے لئے رہائشی سکول اور1,257کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کپواڑہ پر کام تیزی سے جاری ہے۔مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ضلع کو دو منصوبے ملے ہیں جو بہتر طبی سہولیات اور سڑک رابطے سے مکمل ہونے پر ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کو بد ل سکتے ہیں۔ اِن پروجیکٹوں میں 255کروڑ روپے کی لاگت سے ہندواڑہ میں میڈیکل کالج اور 2,370 کروڑ روپے کی مجوزہ لاگت سے 4لین بارہمولہ ۔ کپواڑہ ۔ چوکی بل ۔ چم کوٹ سڑک شامل ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے 10.15 کروڑ وپے کی لاگت سے نئے ڈگری کالج و ِلگام ، 19.35 کروڑ روپے کی لاگت سے پولی تکنیک کالج کریہامہ کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے پی ایم جی ایس وائی ، پاور اور دیگر محکموں کے جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اورعمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ترقیاتی رفتار کو تیز کریں اور تمام معیاری پیرامیٹروں کے ساتھ مقررہ مدت کے اَندر پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے آر اینڈ بی کے اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کی مناسب نکاسی سے تعمیر کو یقینی بنائیں تاکہ تعمیر کی گئی سڑکوں کی عمر میں اِضافہ ہو۔اُنہوں نے ایس اِی پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں بجلی کے منظر نامے کو بہتر اور بڑھا دیں تاکہ آئندہ موسم سرما کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مشیر موصوف کو دیہی ترقی کاجائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے 25,608 سوکیج پٹ کو منظوری دی گئی ہے ۔ اِس کے علاوہ اَب تک ہاتھ میں لئے گئے 338 میں سے 231 اَمرت سروور مکمل ہوچکے ہیں۔مشیر موصوف نے تعلیم ، صحت ، زراعت اور بھیڑ و پشو پالن محکمو ں کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ تمام جاری منصوبوں پر عمل کو تیز کریں اور انہیں جلد اَز جلد عوامی اِستعمال کے لئے وقف کریں۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ضلع میں گلٹی دار جلد بیماری کے پھیلنے کے اَثرات کا جائزہ لیتے ہوئے پشوئوں کی ویکسی نیشن کے بارے میں چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر سے دریافت کیا اور ان سے کہا کہ وہ اِس بیماری سے صحتیاب ہونے والے پشوئوں کو اِضافی غذائیت فراہم کریں۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈائیفوڈ ساگر دتاترے ، ایس ایس پی کپواڑہ ، ایس پی ہندواڑہ ، اے ڈی سی کپواڑہ / ہندواڑہ ، ایس اِی ، ضلع ، ضلعی اَفسران اور ایگزیکٹیو اِنجینئروں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔