سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر ہارٹی کلچر ل پروڈیوس مارکیٹنگ اینڈ پروسسنگ کارپوریشن لمٹیڈ ( جے جے ایچ پی ایم سی ) کی 43ویں سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم ) اور 62ویں بورڈ آف ڈائریکٹرس میٹنگ کی صدارت کی۔سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم )میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زراعت اتل ڈولو ،سیکرٹری اے پی ڈی محمد اکبر وانی ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی شفاعت سلطان ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر ، سینئر اَفسران جے کے ایچ پی ایم سی ، جے کے ایچ پی ایم سی کے شیئر ہولڈروں اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم )میں کارپوریشن کے مختلف پہلوئوں پر گہرائی سے غور و خوض ، جے کے ایچ پی ایم سی کی ترقی اور عمل داری سے متعلق مختلف اَمور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم )میں خطاب کرتے ہوئے اِس بات پر روشنی ڈالی کہ کارپوریشن پھلوں کے کاشت کاروں کو کٹائی سے پہلے اور بعد کی سرگرمیوں میں خدمات فراہم کرنے کی منفرد خصوصیات رکھتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ تین برسوں میں کارپوریشن کے لئے اَپنے تعاون کو بڑھایا ہے۔مشیر موصوف نے کارپوریشن کے دیگر وسیع پہلوئو ں پر بات کرتے ہوئے اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ شیئر ہولڈروں اور کاشت کاروں کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کریں تاکہ کارپوریشن کو ان کی ضروریات کے مطابق ترقی دی جاسکے اور اسے منافع بخش بنایا جاسکے۔اِس موقعہ پر سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم )نے مالی سال 2011-12ء ، 2012-13، 2013-14اور 2014-15 ء کے آڈِٹ اکائونٹس کو اَپنایا۔اَتل ڈولو نے سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم )کے دوران خطاب کرتے ہوئے کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر کھاتوں کا آڈِٹ مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔شیئر ہولڈروں نے اے جی ایم کے دوران بات کرتے ہوئے شوپیان او رسوپور میں ایپل کلسٹرس کے قیام کے لئے مرکزی حکومت اور جموںوکشمیر حکومت کی تعریف کی کیوں کہ اس سے یہاں سیب کی پیداوار میں تبدیلی آئے گی۔دریں اثنا، مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں جے کے ایچ پی ایم سی کے 62ویں بورڈ آف ڈائریکٹر س میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایگری کلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ اتل ڈولو ، سیکرٹری اے پی ڈی محمد اکبر وانی ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی شفاعت سلطان ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ، جے کے ایچ پی ایم سی کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔میٹنگ میں بورڈ ز نے کارپوریشن کے مختلف پہلوئوں او رجاری ترقیاتی کاموں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔مشیر موصوف نے بورڈ آف ڈائریکٹرس میٹنگ میں بات کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ او ڈی او پی سکیم کے تحت قائم کئے گئے پروجیکٹوں کو شروع کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے تاکہ پھل کاشت کرنے والے اور دیگر متعلقہ اَفراد ان پروجیکٹوں سے مستفید ہوں۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے گذشتہ چند برسوں میں کارپوریشن کی بحالی کے لئے اِنتظامیہ کی بھی تعریف کی اور ان سے کہا کہ وہ کارپوریشن کی عمل داری کو بڑھانے کے لئے نئی تکنیکی مداخلتیں اَپنائے ۔دوران میٹنگ اَتل ڈولو نے بات کرتے ہوئے ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر میں ایپل ، دودھ ، ٹرائوٹ اور زیادہ سے زیادہ قابل عمل علاقوں میں کلسٹروں کی ترقی کے بارے میں ایک پالیسی بنائیں۔میٹنگ میں بورڈ آف ڈائریکٹرس نے کارپوریشن کی بہتری کے لئے کچھ فیصلے لئے۔بورڈ نے جے کے ایچ پی ایم سی کے میمورنڈم آف ایسو سی ایشن ( ایم او اے ) میں ترمیم کرنے اور اس میں تمام زرعی اور جانوروں کی مصنوعات کو شامل کرنے کی منظوری دی تاکہ کارپوریشن اَپنے کام کا دائرہ وسیع کرسکے۔بورڈ نے اَپنے مارکیٹنگ نیٹ ورک اور رَسائی کو زیادہ سے زیادہ بنانے کے لئے ’’ ٹریڈ مارک ایکٹ ‘‘ کے تحت برانڈ رجسٹریشن اور کارپوریشن کے برانڈ لوگو کو ’’ جموںوکشمیر سے براہِ راست ‘‘ پنچ لائن کے تحت بھی منظور ی دی۔اِسی طرح بورڈ نے مالی برس 2015-16ء اور 2016-17 ء کے قانونی آڈِٹ شدہ کھاتوں کی بھی منظوری دی اور کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اسے جلد از جلد سی اے جی کے پاس جمع کریں۔بورڈ آف ڈائریکٹر س میٹنگ میں ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی شفاعت سلطان نے کارپوریشن کی ترقی اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے بورڈ کو مطلع کیا کہ کارپوریشن اِس وقت یہاں ہارٹی کلچر کی مارکیٹنگ اور پروسسنگ کے لئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے جیسے پیک ہائوسز او رفوڈ کلسٹروں کا قیام ،انکیوبیشن سینٹروں کا قیام اور نیشنل ہارٹی کلچر بورڈ کے کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کو بھی کارپوریشن کامیابی سے عملا رہا ہے۔ایم ڈی نے بورڈ کو مزید بتایا کہ جاگیر سوپور میں فوڈ پیکیجنگ مینو فیکچرنگ ( سی بی سی ) یونٹ کو شروع کیا گیا ہے جبکہ آر ایف پی کو بہرام پورہ ، بارہمولہ اور رانبیر پورہ اننت ناگ میں 5,000 ایم ٹی کے سی اے سٹوروں کے قیام کے لئے پیش کیا گیا ہے۔










