مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَمرت سروور بدھوری بڑی برہمنا میں ترنگا لہرایا

سانبہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر آج امرت سروور بدھوری کی تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر اِنتظامیہ امرت سرووروں کو مقررہ ہدف سے پہلے مکمل کرنے میں کامیاب رہی ہے اور مشن امرت سروور کے تحت جس کا آغاز وزیر اعظم نریندرمودی نے پنچایت پلی سانبہ ضلع میں 24 ؍ اپریل 2022ء کو قومی یوم پنچایت کے موقعہ پر کیا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ سانبہ سمیت ہر ضلع میں 75 امرت سرووروں کے وزیر اعظم کے نظرئیے کو پورا کرنے کے لئے جموںوکشمیر میں آبی ذخائر کی تخلیق اور بحالی کی رفتار بہت تیز رہی ہے۔صوبائی کمشنر نے ضلع میں مشن سروور کے تحت شاندار کام کرنے پر آر ڈی ڈی ڈیپارٹمنٹ ، آئی ڈبلیو ایم پی ، سوئیل کنزرویٹر ڈیپارٹمنٹ ، این ایچ اے آئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ اِنتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے پی آر آئی ممبران اور مقامی لوگوں سے کہاکہ وہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے تمام امرت سروورکے ارد گرد پودے لگا کر اس پہل کو مزید مضبوط کریں۔اِنتظامیہ نے مشن امرت سروور کے تحت آبی ذخائر پر تجاوزات کو روکنے اور نئے سرے سے بحال اَمرت سرووروں کے ارد گرد اور حفظان صحت کو برقرار رکھنے کی ضرورت کے بارے میں مقامی لوگوں میں بیداری پھیلانے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا نے معززین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام اَضلاع کی طرح ضلع اِنتظامیہ سانبہ کو بھی 31 مارچ 2013 تک 75 امرت سروور مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم یہ کام مقررہ تاریخ سے پہلے ہی مکمل کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید انکشاف کیاکہ رواں مالی برس کے اختتام تک ضلع سانبہ 170 امرت سروور مکمل کرے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ بدھوری تالاب کو چترال کے ہیرو جنرل باج سنگھ نے 100 برس سے زیادہ عرصہ قبل بنایا تھا لیکن اس کی بحالی اور کیچ منٹ ائیریا ٹریٹمنٹ ، سٹون پچنگ ، ڈی ویڈنگ وغیرہ کی اَشد ضرورت تھی جو مشن امرت سروور کے تحت کئے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر سکولی بچوں نے حب الوطنی پرمبنی ملی نغمہ بھی پیش کیا اور معززین اور شرکأ سے داد وصول کی۔اِس موقعہ پر وائس چیئرمین ڈی ڈی سی بلوان سنگھ، بی ڈی سی چیئرمین محترمہ رجنی دیوی، مقامی ڈی ڈیسی ممبر ثریا بیگم ، سرپنچ شہناز اختر اور ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، ایس ایس پی سانبہ ، اے ڈی سی سی ، اے ڈی سی، ایس ڈی ایم ،اے سی ڈی تحصیلدار بڑی برہمنا ، سی اِی او ، بی ڈی او بڑی برہمنا موجود تھے۔ تقریب میں سکولی طلباء ، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔