مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے ایم اے سٹیڈیم جموں میں ترنگا لہرایا

جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ نے رشوت کے خلاف ’زیرو ٹالرنس موقف‘ اَپنا یا۔ مشیر راجیور ائے بھٹناگر

جموں//جموں خطہ میں آج 76واں یوم آزادی حب الوطنی اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے یہاں ایم اے سٹیڈیم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں ترنگا لہرایا۔اِس موقعہ پر مشیرموصوف نے پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، جے کے اے پی ، ایس ایس بی ، آئی ٹی بی پی ، آئی آر پی ، خواتین کے دستے ، فارسٹ پروٹیکشن فورس ، این سی سی کے علاوہ سکولی بچوں سے سلامی لی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے شرکأ کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے خطاب میں کہا کہ جموںوکشمیر کثیر الثقافتی اور کثیرالنسل ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا ،’’ 5؍ اگست 2019 ء جموں وکشمیر کی تاریخ میں ایک نئی صبح کا نشان ہے اور اس کے بعد سے اِس خطے نے غیر جانبدارانہ او رمساوی طرزِ حکمرانی کے سفر کا آغاز کیاہے۔‘‘مشیر موصوف نے کہا کہ جموںوکشمیر کی تنظیم نو کے بعد ہونے والے واقعات کی وجہ سے زائد اَز 20ہزار پی او جے کے پناہ گزینوں کو جمہوری حقوق فراہم کئے گئے ہیں اور انہیں قوم کے مساوی شہری تسلیم کیاگیاہے جبکہ ترقی کی طرف ہندوستان کا حصہ بننے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ انہیں فی گھر 5.5 لاکھ روپے کی اِمداد بھی فراہم کی گئی ہے ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے شہریوں کو ہیلتھ کیئر کا مضبوط نظام فراہم کرنے کے لئے کہا کہ کووِڈ وبائی مرض کے دوران تمام کوششیں اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے کی گئیں کہ آکسیجن کی فراہمی یا ہسپتال کے بیڈوں کی کوئی کمی نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ زائد اَز 18برس عمر کے تمام اَفراد کو ویکسین لگائے گئے ہیں ۔ اِسی طرح 12برس عمر سے 14برس کی عمر کے 87فیصد بچوں کو پہلی خوراک فراہم کی گئی ہے اور ان میں سے 77فیصد کو دوسری خوراک بھی دی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صحت شعبے کو مضبوط کرنے کے لئے 7,000کروڑ روپے کے 500 منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔ دو ایمز ، 7گورنمنٹ میڈیکل کالج اور 15نئے نرسنگ کالجوں کے علاوہ 2کینسر اِنسٹی چیوٹ اور 2بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال قائم کئے جارہے ہیں۔مشیر موصوف نے پی ایم جے اے وائی صحت سکیم کی عمل آوری کی ستائش کی او راُنہوں نے کہا کہ یہ ملک کا واحد یوٹی ہے جو دسمبر 2020ء سے لاگو ہونے کے بعد سے فی کنبہ پانچ لاکھ روپے کا مفت یونیورسٹی ہیلتھ اِنشورنس کور فراہم کرتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس برس اپریل سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 80 فیصد کنبوں کو اِنشورنس سکیم کے تحت رجسٹر کیا گیا ہے اور سکیم کے تحت 72.57 لاکھ گولڈن کارڈ جار ی کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے بنیادی ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر گذشتہ دو برسوں میں 6,452 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے لئے پی ایم جی ایس وائی کے تحت کاموں میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ سال 2021-22ء میں 7,610 کلومیٹر سڑکوں کو بلیک ٹاپ کیا گیا اور موجودہ مالی برس کے لئے بھی 8ہزار کلومیٹر کا ہدف رکھا گیا ہے ۔گذشتہ مالی برس کے دوران 208ء پُل بنائے گئے تھے جبکہ موجودہ مالی برس کے دوران 150 پلوں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ ٹووِن ٹیوب قاضی گنڈ ۔ بانہال ٹنل کو پی ایم ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت 3,127 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور اسے پہلے ہی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔اِسی طرح اور بہت سے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور کئی منصوبے زیر تکمیل ہے۔مشیر موصوف نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت نے پہلے مرکزی حکومت کی ’ ہر گھر جل سکیم ‘ کے کامیاب نفاذ میں خاطر خواہ کوششیں کی ہیں ۔ اس سلسلے میں ہم اَب تک جموں وکشمیر کے 58فیصد گھرانوں کو نل کا پانی فراہم کر چکے ہیں ۔ اِسی طرح 23,160سکولوں ، 24,163 آنگن واڑیوں ، 3,324 صحت اداروں اور 1,666 گرام پنچایت بھون کو مشن کے تحت نل کا پانی فراہم کیا گیا ہے اور تمام اہداف کو 2024ء تک حاصل کرنے کے لئے مقرر کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اُجھ کثیر المقصد پروجیکٹ کو منظوری دی ہے جبکہ شاہ پور کنڈی ڈیم پروجیکٹ بھی مارچ 2023ء تک مکمل ہونے والا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ2025 ء تک جموں و کشمیر کے لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے 12,922 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔ حکومت نے صرف دو برسوں میں پاور پروجیکٹوں کو بحال کیا ہے جس سے 3000 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوگی۔ مشیرموصوف نے کہا کہ 29,600 کروڑ روپے کی لاگت سے اضافی 3,284 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے لئے کاغذی کارروائی مکمل کی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شری ماتا ویشنو دیوی کے شرائین پر زیر زمین کیبل پروجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے۔ امرناتھ مندر کو بھی گرڈ سے جوڑا گیا ہے تاکہ 13.55 کروڑ روپے کی لاگت سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے زراعت شعبے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ پی ایم۔ کسان کے تحت جموںوکشمیر کے کسانوں کے بینک کھاتوں میں 1999.12 کروڑ روپے منتقل کئے گئے ہیں اور ان میں سے 91 فیصد کو اَب تک کسان کریڈٹ کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر اس میں تیسرے نمبر اورکسانوں کی گھریلو آمدنی اور کاشتکاری کے شعبے میں مجموعی کارکردگی میں پانچویں نمبر پرہے۔اُنہوں نے کہا کہ سیاحت جموں وکشمیر کا ایک ناگزیر شعبہ ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران خطے میں سیاحوں کی آمد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کیلنڈر سال میں اَب تک 4,523 غیر ملکیوں سمیت ایک کروڑسے زیادہ سیاح جموںوکشمیر وارِد ہوئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں میں 37 اور کشمیر کے علاقوں میں 38 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جو حکومت کے ذریعہ تیار کئے جائیں گے اور جموںخطے میں سرحدی سیاحت کو فروغ دیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آر ایس پورہ سیکٹر میں بھی بیٹنگ دی ریٹریٹ پریڈ کی تقریب شروع کی گئی ہے ۔اُنہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کے لئے پولی تکنیک اور اِنڈسٹریل ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ قائم کئے جارہے ہیں۔مشن یوتھ جموںوکشمیر کی نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے کے لئے شروع کیا گیا ہے ۔ انہیں مشن کی پرواز سکیم کے تحت مفت کوچنگ بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ اِس سکیم میں ملک کے اعلیٰ اداروں کے ساتھ اشتراک اور ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کی رُکنیت کے ساتھ پانچ ہزار کلبوں کا قیام بھی شامل ہے۔نوجوانوں کو ممکن سکیم کے تحت سبسڈی والے نرخوں پر چھوٹی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں۔سال 2021-22 میں 4,482 نوجوانوں کو 4,482 کروڑ روپے کے قرض اور 16 کروڑ روپے کی سرکاری سبسڈی فراہم کی گئی ۔ اِسی طرح 2ہزار سے زائد خواتین کاروباریوں کو اَپنے اِدارے قائم کرنے کے لئے 102 کروڑ روپے کی مالی اِمداد فراہم کی گئی ۔مشیر موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 28,400 کروڑروپے کے بجٹ میں نئی صنعتی پالیسی سے جموںوکشمیر میں صنعتوں کو فروغ دینے میں مدد کی ہے ۔جموںوکشمیر یوٹی حکومت کو اَب تک 54ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹ کی تجاویز موصول ہوئی ہیں ۔34ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے پروجیکٹوں کو پہلے زمین الاٹ کی جاچکی ہے ۔سنگل وِنڈو کلیئر نس singlewindow.jk.gov.inسے فراہم کی جارہی ہے جو ایک نقطہ پر 18سے زیادہ محکموں کی 150اِی۔ سروسز فراہم کرتی ہے۔مشیر موصوف نے سکولی تعلیم ،پروجیکٹوں،ریوینو او رجابس کے بارے میں بھی بات کی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے اَپنے خطاب میں جموںوکشمیر میں اَمن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے حفاظتی اہلکاروں کا بھی شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر سکولی طلبا اور اکیڈیمی آف آر ٹ کلچر اینڈ لنگویجز کے فن کاروں کی جانب سے متنوع ثقافتی یکجہتی کی عکاسی کرنے والے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جن سے حاضرین محظوظ ہوئے اور داد دی۔اِس موقعہ پر مشیرموصوف نے ثقافتی پروگرام ، دستے ، بینڈز کے فاتحین میں اَنعامات بھی تقسیم کئے ۔ اِس موقعہ پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے زیر اہتمام گائیکی قومی ترانہ مقابلے کے صوبائی سطح کے فاتحین کو بھی مبارک باد دی گئی۔جے ایم سی کے میئر چندر موہن گپتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر اونی لواسا کے علاوہ سیکرٹریوں ، پی آر آئی ممبران اور تمام محکموں کے اَفسران اور اہلکاروں نے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔