مزدوروں کا اجرت میں اضافہ کا مطالبہ،احتجاج میں شدت

مزدوروں کا اجرت میں اضافہ کا مطالبہ،احتجاج میں شدت

الور/یو این آئی//بھیواڑی میں تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر مزدوروں کی تحریک شدت اختیار کر گئی ہے ، جس سے صنعتی علاقے میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے ۔ الور ضلع کے کھیرتھل-تیجارہ علاقے میں واقع اس بڑے صنعتی مرکز میں مدرسن، سپراجیت، ریلیکسو اور نپینو جیسی کمپنیوں کے بعد اب دیپک ہاؤس ویئر اینڈ ٹوائز لمیٹڈ احتجاج کا اہم مرکز بن گئی ہے ، جہاں چوتھے دن بھی مزدوروں کا دھرنا جاری ہے ۔ اطلاعات کے مطابق اس کمپنی میں، جو بچوں کے کھلونے تیار کرتی ہے ، بڑی تعداد میں خواتین مزدور بھی احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ سینکڑوں مزدور کمپنی کے مرکزی دروازے پر جمع ہو کر تنخواہ میں اضافے کے حق میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ اجرت ان کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے ، اس لیے انہیں تقریباً 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے ۔ مزدوروں نے کمپنی انتظامیہ پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ کینٹین میں فراہم کیا جانے والا کھانا انتہائی ناقص معیار کا ہے ، حتیٰ کہ دال اور چاول میں کیڑے پائے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے ان میں مزید غصہ بڑھ گیا ہے ۔