مرکزی سیکرٹری قبائلی امور نے شوپیاں کا دورہ کیا ، قبائلی آبادی ، طلباء سے بات چیت کی ، مسائل سُنے

دورے کا مقصد حکومت کی طرف سے قبائلی آبادی کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائیزہ لینا ہے

شوپیاں//قبائلی امور کے مرکزی سیکرٹری انیل کمار جھا نے شوپیاں کے دیہاتوں کا ایک وسیع دورہ کیا تا کہ قبائلی ترقی اور حکومت کی فلاحی اسکیموں کے اثرات کا خود اندازہ لگایا جا سکے ۔ ابتداء میں سیکرٹری موصوف نے مرکزی جوائینٹ سیکرٹری ڈاکٹر نولجیت کپور کے ساتھ قبائلی امور کے محکمے اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران کے ساتھ ہیر پورہ ، دبجان اور پیر کی گلی کا دورہ کیا ۔ مرکزی سیکرٹری نے وہاں پر نقل مکانی کرنے والی قبائلی آبادی سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور مزید جامع قبائلی بہبود کیلئے تجاویز سنیں ۔ انہوں نے قبائلی آبادی کی جامع ترقی کے مقصد کیلئے وزارت کی اسکیموں اور پروگراموں کے زمینی اثرات پر بھی رائے طلب کی ۔ متعدد قبائلی چرواہوں نے سیکرٹری کو اپنی رہائش ، راہداری ، تعلیم وغیرہ کی ضروریات سے آگاہ کیا ۔ ہیر پورہ میں انہوں نے طلباء سے ملاقات کی ، قبائلی طلباء کیلئے موسمی اسکول میں داخلہ اور سکول میں تعلیم کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا ۔ طلباء نے اسکول میں اپنی بہتر تعلیم کی فراہمی کے متعدد مطالبات پیش کئے ۔ مرکزی سیکرٹری نے متعلقہ افراد کو قبائلی آبادی کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ دبجان میں انیل کمار نے اسی طرح قبائلی آبادی سے بات چیت کی اور مویشیوں کیلئے قائم ویٹر نری موبائل کیمپ کا بھی دورہ کیا ۔ راستے میں دیگر مقامات پر قبائلی رہنماؤں ، کارکنوں نے قبائلی آبادی کی ترقی کیلئے مختلف ترقیاتی تقاضے بھی پیش کئے جن میں حکومت کا قیام،کیلر میں ڈگری کالج ، گرلز ہوسٹل کے قیام وغیرہ بھی شامل ہے ۔ سیکرٹری موصوف نے اٹھائے گئے مسائل کو غور سے سُنا ۔ پیر پنجال کے اونچے علاقوں کے اپنے دورے کو سمیٹتے ہوئے مرکزی سیکرٹری نے پہاڑی درے پیر کی گلی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی چراگاہوں کیلئے زیر تعمیر ٹرانزٹ رہائش کا جائیزہ لیا جو سردیوں اور گرمیوں کے موسم میں کشمیر اور جموں کی چراگاہوں کے درمیان منتقل ہوتے ہیں ۔ یہ مطلع کیا گیا تھا کہ نقل مکانی کرنے والوں کے قیام کیلئے تعمیر کی جا رہی ٹرانزٹ رہائش 1.21 کروڑ روپے کی منظور شدہ لاگت کے تقریباً 200 لوگوں کیلئے 2 ہوسٹل یونٹ ہوں گے ۔ انیل کمار نے شوپیاں کے گجر اور بکروال ہوسٹل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی امور کے محکمے کی طرف سے سہولت میں توسیع کیلئے تعمیر کی جا رہی رہائش کا معائینہ کیا انہوں نے وہاں پر سمارٹ کلاس روم ، لائیبریری کا معائینہ کیا اور ہوسٹل کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ مرکزی سیکرٹری نے گورنمنٹ ہائی سکول شرمل کا بھی دورہ کیا ، جہاں انہوں نے قبائلی طلباء سے ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں پیش رفت پر بات کی ۔ اس موقع پر طلباء نے سیکرٹری کی قیادت میں آنے والی ٹیم کے ساتھ اپنے مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کا بھی اظہار کیا ۔ اس موقع پر طلباء نے مختلف فنی پرفارمنس پیش کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر شوپیاں ، ڈائریکٹر قبائلی امور جموں و کشمیر ، سیکرٹری ایڈوائیزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف گجر اور بکروال ، اے ڈی سی شوپیاں ، ڈپٹی ڈائریکٹر قبائلی امور اور دیگر افسران بھی سیکرٹری موصوف کے ہمراہ تھے ۔