محکمہ سیاحت نے سیاحت کا عالمی دِن منایا

اِس موقعہ پر گرین ٹوراِزم پر سمینار اور صفائی مہم کا اِنعقاد

سری نگر//ڈائریکٹورٹ آف ٹوراِزم کشمیر نے سیاحت کا عالمی دِن منایا۔اِس سلسلے میں ٹورسٹ ریسپشن سینٹر سری نگر میں سیاحت میں سبز اقدامات کے موضوع پر ایک سمینار کا اِنعقاد کیا گیا جس میں شرکا ٔشراکت داروں نے اِس موضوع پر روشنی ڈالی اور سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے ماحولیات کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے اختراعات اور طریقوں کو اَپنانے پر زور دیا جس سے کار بن فٹ پرنٹ کو کم کیا جاسکتا ہے اور سیاحوں کو ماحول دوست اقدامات کے ذریعے مختلف تجربات فراہم کئے جاتے ہیں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر راجہ یعقوب نے اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ سیاحت میں سبز اقدامات کو فروغ دیں تاکہ اس شعبے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اس جگہ کی ماحولیات اور ماحول کو بھی برقرار رکھا جا سکے۔اِس موقعہ پر سیاحت کے ممتازشراکت داروں کو مبار ک باد دی گئی۔ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم نے سری نگر میں درگاہ حضرت بل اور شکر آچاریہ مندر میں صفائی مہم بھی چلائی جس میں ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر کے علاوہ اَفسران ،ملازمین اور شراکت داروں نے شرکت کی۔اِسی طرح کی صفائی مہم گلمرگ، پہلگام ، یوسمرگ ، مانسبل ، اہرہ بل ، سونہ مرگ ، اچھہ بل ، کوکر ناگ ، ویری ناگ ،بارہمولہ ، کپواڑہ اور وادی کے دیگر سیاحتی مقامات پر چلائی گئی۔ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر نے گلمرگ میں صفائی مہم کی قیادت کی جس میں اَفسروں اور شراکت داروں نے حصہ لیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ٹوراِزم نے گفتگو کرتے ہوئے گلمرگ کو صاف ستھرا او رسرسبز بنانے کی اپیل کی تاکہ اس مقام پر آنے والے سیاحوں کو مطلوبہ تجربات حاصل ہوں۔ اِسی طرح کی صفائی مہم جموںوکشمیر کیبل کار کارپوریشن کی طرف سے کونگہ ڈوری میں چلائی گئی۔محکمہ کی جانب سے اِن تمام مقامات پر اِسی طرح کی صفائی مہم چلائی گئی جس میں ریزورٹ اَفسران اور شراکت داروں نے منزل کو صاف ستھرا او رسرسبز رکھنے کا عہد کیا۔