سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کشمیر نے خواتین کا عالمی دِن بہت ساری سرگرمیوں کے ساتھ منایا۔تقریب کے اِنعقاد کا مقصد سیاحتی شعبے اور محکمہ سے وابستہ خواتین کے تعاون کو تسلیم کرنا تھا۔اِس موقعہ پر محکمہ خواتین ملازمین کی جانب سے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلائی گئی جس میں محکمہ سیاحت کی خواتین اَفسران اور ملازمین نے ٹی آر سی باغ میں پودے لگائے۔ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب نے شجرکاری مہم کی قیادت کی۔آج کے پروگرام میںخواتین کا عالمی دِن منانے کے لئے تمام خواتین کی سائیکلنگ ایونٹ بھی شامل تھا۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت نے خطاب کرتے ہوئے محکمہ میں خواتین کے تعاون کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کی تقریب ہمیں گھر اور کا م کی جگہ پرمعاشرے میں خواتین کی جانب سے کی جانے والی بے پناہ شراکت کے بارے میں سوچنے کا پیغام دیتی ہے۔اِس موقعہ پر محکمہ کے سینئر اَفسران ، خواتین اَفسران و ملازمین ، مختلف تعلیمی اِداروں کے طلباء و طالبات موجود تھے۔










