transfers

محکمہ تعلیم کا ٹرانسفر پالیسی 2026 کا مسودہ جاری

شفاف، منصفانہ اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ٹرانسفر نظام متعارف کرانے کی تیاری

سرینگر// محکمہ تعلیم نے ٹرانسفر پالیسی 2026 کا مسودہ عوامی مشاورت کے لیے جاری کرتے ہوئے پورے تعلیمی شعبے میں ایک بڑے اصلاحاتی اقدام کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت سالانہ ٹرانسفر ڈرائیو کو مکمل طور پر آن لائن اور میرٹ پر مبنی نظام کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔محکمے کے مطابق یہ اقدام مسلسل تیسرے سال متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اساتذہ، لیکچرروں، ہیڈ ماسٹروں، پرنسپلوںاور دیگر تعلیمی افسران کی تقرری و تبادلے کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور قابلِ احتساب بنانا ہے۔یو این ایس کے مطابق ڈرافٹ پالیسی کے مطابق ٹرانسفرز کے لیے ایک مخصوص آن لائن پورٹل استعمال کیا جائے گا اور سالانہ ٹرانسفر شیڈول تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل مکمل کیا جائے گا۔ تاہم خصوصی انتظامی حالات میں آف لائن ٹرانسفر کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے۔پالیسی میں زونل ٹینور سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت اسکولوں کو پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دور دراز اور مشکل علاقوں میں تعینات عملے کے لیے سروس پیریڈ نسبتاً کم جبکہ آسان علاقوں میں طویل رکھا گیا ہے، تاکہ مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈرافٹ کے مطابق زون،I، II اور III میں تعینات اساتذہ کی مدت تین سال ہوگی، جبکہ زون،IV میں دو سال اور زون،V میں ایک سال مقرر کی گئی ہے۔ مشکل علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو بہتر پوسٹنگ میں ترجیح دی جائے گی۔پالیسی میں ریشنلائزیشن کے تحت اسکولوں میں اساتذہ کی کمی بیشی کو طلبہ،اساتذہ تناسب اور تعلیمی ضروریات کے مطابق درست کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، تاہم کسی بھی ادارے کو مکمل طور پر تدریسی عملے سے محروم نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ٹرانسفرز کی مختلف زمرے بھی متعارف کرائی گئی ہیں جن میں جنرل، باہمی، انتظامی، ہمدردانہ اور خصوصی ٹرانسفرشامل ہیں۔ ہمدردانہ بنیادوں پرتبادلوں میں شدید بیماری، معذوری، بیوہ ہونا یا دیگر انسانی وجوہات کو شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے میاں بیوی کیسوں، ریٹائرمنٹ کے قریب افراد، خواتین، سنگل پیرنٹس اور خصوصی حالات رکھنے والے ملازمین کے لیے بھی خصوصی رعایتیں تجویز کی گئی ہیں۔ڈرافٹ کے مطابق ایک ‘‘ٹرانسفر اسیسمنٹ میٹرکس بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس میں دور دراز علاقوں میں خدمات، کارکردگی، عمر، صحت اور دیگر سماجی عوامل کو پوائنٹس کی صورت میں شامل کیا جائے گا۔یو این ایس کے مطابق محکمے نے واضح کیا ہے کہ یہ ڈرافٹ 15 دن کے لیے عوامی مشاورت کے لیے رکھا گیا ہے، جس کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔