کہا،عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں کی متوازن ترقی کیلئے پُرعزم ہے
سری نگر//صوبہ کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے متعدد وفود نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔ وفود نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق اہم ترقیاتی مسائل وزیر کے گوش گزار کئے اور وزیر موصوف سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔دورانِ بات چیت وفود نے دُور درازاور اُفتادہ کے پیر پنجال علاقے کے رائے دہندگان کی رہنمائی اور منظم کرنے میں وزیر کی قیادت کا شکریہ اَدا کیا اور اُنہیں وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر مُبارک باد دی۔ جنرل سیکرٹری ایس ایف سی ریٹائرڈ ایمپلائز فورم جموں و کشمیر کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں جموں و کشمیر سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن (ایس ایف سی) کے ملازمین کو پنشن کے فوائد کے لئے ان کی مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔کنٹریکٹروںکے وفود نے زیر اِلتوا ٔفنڈز کے اجرأ، نظر ثانی شدہ لاگت کے تخمینے (ایل آئی ایس) سکیم کی منظوری، گردشی فنڈ کے قیام اور دیگر مسائل کے لئے بھی درخواستیں پیش کیں۔اُنہوں نے ترال لفٹ آبپاشی سکیم بالخصوص بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سماجی خدمات سے متعلق اہم مسائل کو ان کی توجہ مبذول کی اور حکومت سے ان معاملات پر فوری توجہ دینے کی درخواست کی۔وزیر جاوید احمد رانا نے وفود کے مسائل کا جواب دیتے ہوئے وفود کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں کی متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لئے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اورہر کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حکومت کی ترجیحات پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔










