جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے 74ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میں سب کو تہہ دِل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ میں جموں وکشمیر پویس ، آرمڈ فورسز ، سی اے پی ایف اینڈ ایمرجنسی ریسپانڈرز کو اَپنی خصوصی مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ میں اَپنے اُن تمام کھلاڑیوں کو بھی مبارک باد دیتا ہوں جنہوں نے جموں وکشمیر کے لئے حصہ لیا اور نام روشن کیا۔اُنہوں نے کہا کہ 1950 ء میں آج کے دن ہمارے ملک کے معماروں نے آئین میں درج اقدار اور نظریات کو اَپناتے ہوئے انصاف، بھائی چارے اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل کا سفر شروع کیا تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سات دہائیوں پر محیط ترقیاتی سفر ہمارے جامع نظریہ، قومی اتحادکی محنت کی زندہ مثال ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم کسانوں، سائنسدانوں، اِنجینئروں، ڈاکٹروں، نرسوں، اساتذہ، قبائلیوں، ادیبوں، فنکاروں، تاجروں، کارکنوں، نوجوانوں اور خواتین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جموں کشمیر میں نئی توانائی دے کر جامع اور دیرپا ترقی کو یقینی بنایا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بانی اور فریڈم فائٹرزکو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہمارے ملک کے اتحاد اور سا لمیت کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔










