نگین لیک کنزرویشن آرگانئزیشن کی جانب سے ایک خاص تقریب کا اہتمام، منظور وانگنو نے کیا منوج سنہا کا شکریہ ادا
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ’عالمی یوم ماحولیات‘ کے موقعہ پر سری نگر کے سازگری پورہ میں ’’ہماری زمین، ہمارا مستقبل‘‘ کے موضوع پرکانفرنس سے خطاب کیا۔ اِس تقریب کا اِنعقاد نگین لیک کنزرویشن آرگنائزیشن (این ایل سی او) نے کیا تھا۔

ہر سال 5جون کو ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن ماہرین اور عام لوگ ایک جگہ پر اکٹھے ہوتے ہیں اور اپنی اپنی تجاویز پیش کرتے ہیں کہ کیسے ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ملک بھر کے ساتھ جموں وکشمیر میں بھی آج کے دن کے تعلق سے کئی تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا گیا تاکہ لوگوں میں ماحول کی اہمیت کو اجاگر کر کے اردگرد کے ماحول کو آلودگی کے منفی اثرات سے بچا سکے جو اس وقت گلوبل وارمنگ کی صورت میں ہم سب کے سامنے ہیں۔ اس سال کا تھیم ’’کرہ ارض کی بحالی، ویرانی و خشک سالی‘‘ کے خلاف برداشت کا حصول ہمیں بعض اہم محرکات کی یاد دلاتا ہے جو کرہ ارض کے مناظر کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں اور ہم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے ماحولیاتی نظام کی بحالی کے ذریعے کرہ ارضی کی ویرانی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں زمین کے انحطاط، خشک سالی اور صحرائیت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے زمین کی بحالی کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ’ماحول سب سے پہلے‘ ہمارا ویژن ہے اور ہم تباہ شدہ ماحولیاتی نظام کو بحال کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نظام کے انحطاط کو روکنے کے لئے ہماری اِجتماعی کوششیں روزی روٹی ، غذائی تحفظ کو فروغ دیں گی اور موسم کی شدید صورتحال کو روکیں گی۔

لیفٹیننٹ گورنرنے این جی اوز، مالیاتی اِداروں، بزنس آرگنائزیشنوں، رضاکاروں، سول سوسائٹی کے اَرکان اور اَفراد پر زور دیا کہ وہ ’’تبدیلی کے ایجنٹ‘ کے طور پر کام کریں اور ماحولیاتی تحفظ اور بحالی کے لئے خود کو وقف کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ آلودگی کی روکتھام، گرین کور میں اِضافہ اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہمارے مشترکہ مقاصد ہونے چاہئیں۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے ماحولیاتی تحفظ اوردیرپا زندگی کے فروغ دینے کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے بھرپور حیاتیاتی تنوع کی حفاظت اور تحفظ کے حکومت کے اَقدامات اور پروگراموں کے بارے میں بات کی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں کے لئے ’ ایک بار اِستعمال ہونے والے پلاسٹک کے اِستعمال کو روکنا اور ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط بنانا‘دو اہم اہداف مقرر کئے ہیں،۔ اُنہوں نے دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اَپنے گاؤں میں ایسے کاموں کی نشاندہی کریں جو ماحولیاتی نظام کو بحال کرنے اور زمین کے اِنحطاط کو روکنے میں مدد دے سکیں۔اُنہوں نے گِلسر ۔ خوشحال سر آبی ذخائر کو تبدیل کرنے میں نگین لیک کنزرویشن آرگنائزیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے اِنتظامیہ کی طرف سے آرگنائزیشن کو اس کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔

اِس موقعہ پر لوگوںکو ماحولیاتی تحفظ کا حلف بھی دِلایا گیا۔ اِس برس’ ماحولیاتی عالمی دِن‘ کا موضوع زمین کے انحطاط، صحرائیت اور خشک سالی سے نمٹنے پر مرکوز ہے۔ اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محترمہ مندیپ کور، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ،ضلع ترقیاتی کمشنرسری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ،وائس چانسلر ایل سی ایم اے ڈاکٹر بشیر احمد بٹ، چیئرمین نگین لیک کنزرویشن آرگنائزیشن منظور وانگنو، سینئر اَفسران، سماجی کارکنان، رضاکار اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔










