کہا،یوگا واقعی پوری دُنیا کو متحد کرتا ہے اور ہمیں ایک صحت مند اور خوشحال مستقبل کی طرف رہنمائی کرتا ہے
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں و کشمیریوٹی میں یوگا کے 12ویں بین الاقوامی دن کی تقریبات کی قیادت کی۔ اُنہوں نے جھیل ڈل کے کنارے منعقدہ تاریخی یوگا سیشن میں ہزاروں یوگا شائقین کے ساتھ شرکت کی۔اُنہوں نے شرکأ کومُبارک باد پیش کرتے ہوئے اِس برس کے موضوع کو اُجاگر کیا اور اِنسانیت کو متحد کرنے میں یوگا کی طاقت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یوگا واقعی دُنیا کو متحد کرتا ہے اور ہمیں ایک صحت مند اور خوشحال مستقبل کی طرف ہماری رہنمائی کرتا ہے۔اُنہوںنے کہا، ’’حقیقی صحت کا مطلب جسم، دماغ اور جذبات میں توازن قائم کرنا ہے جب کہ دورِحاضر کی زندگی مسلسل ہمارا دھیان سکرینز ، ذہنی دبائو اور تنائو کی طرف کھینچتی ہے لیکن یوگا ہمیں اپنے باطن کی طرف رجوع کرنا سکھاتا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ اس قدیم ہندوستانی روایت نے عالمی صحت کی بنیاد بننے کا مقام حاصل کیا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوگا صرف ایک جسمانی ورزش نہیں بلکہ خود سے جُڑنے کا ایک راستہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ زِندگی کی روزمرہ مصروفیات اور شور و غل کے درمیان یوگا ذہن اور جسم کو ہم آہنگ کرتا ہے، ہمارے اندرونی خیالات کو ڈِی کوڈ کرنے میں مددکرتا ہے اور ہمیں فطرت سے جوڑتا ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’یوگا ذہنی چستی پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ جب کہ ہمارا دماغ قدرتی طور پر ماضی کی پریشانیوں یا مستقبل کی پریشانیوں کی طرف جاتا ہے لیکن یوگا ہمیں حال کے لمحے پر قابو پانا سکھاتا ہے۔ یوگا کا علم واقعی حیرت انگیز ہے۔ صرف سانس پر دھیان دینے سے ذہن پُرسکون ہوتا ہے اور ذہنی دباؤ اور تنائو کم ہونے لگتا ہے۔ مختلف مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ باقاعدہ یوگا کرنے سے یادداشت، ذہنی ارتکاز اور جذباتی توازن کو بہتر بناتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج عالمی طبی ماہرین یوگا کو صحت مند زِندگی کے لئے سب سے طاقتور طرزِ زندگی کی تبدیلی کے طور پر تجویز کرتے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے یوگا شائقین سے کہا کہ اچھی صحت خریدی نہیں جا سکتی بلکہ اسے نظم و ضبط کے ذریعے حاصل کرنا پڑتا ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’جس طرح ایک پودے کو روزانہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح ہمارے جسم اور ذہن کو مسلسل نظم و ضبط درکار ہوتا ہے اور یوگا دراصل اسی نظم و ضبط کا نام ہے۔ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یوگا پوری دُنیا میں مقبول ہو چکا ہے اور مجھے فخر ہے کہ عالمی طبی ماہرین ذہنی مضبوطی اور متوازن زِندگی کے لئے یوگا کو ایک اہم ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔ ہندوستان نے صدیوں پہلے دُنیا کو ہمہ جہت صحت کا راستہ دکھایا تھا۔ یوگا ہمیں صرف طویل زندگی گزارنا ہی نہیں بلکہ بہتر زندگی جینا بھی سکھاتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ جموں و کشمیر کا محکمہ آیوش یوگا کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے انتھک محنت کر رہا ہے تاکہ دیہی علاقوں سے لے کر شہری مراکز تک ہر شہری اس سے مستفید ہو سکے۔‘‘اُنہوںنے مزید کہا، ’’ یوگا’منشیات سے پاک جموں و کشمیر‘ تحریک میں حقیقی تبدیلی لا رہا ہے اور روکتھام اور بحالی دونوں میں مدد کر رہا ہے۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یوگا کو اَپنی روزمرہ زِندگی کا حصہ بنائیں۔ روزانہ صرف چند منٹ یوگا کرنے سے طویل مدتی صحت کے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ یوگا تمام رُکاوٹوں سے بالاتر ہے اور پوری اِنسانیت کے لئے ایک عالمگیر سائنس ہے۔‘‘بین الاقوامی یومِ یوگا کی مناسبت سے وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب بھی براہِ راست نشر کیا گیا۔اِس موقعہ پر وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سکولی و اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ ایتو، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، اِنتظامی سیکرٹریز، سینئر اَفسران، مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے جھیل ڈل کے کنارے منعقدہ یوگا سیشن میں شرکت کی۔










