لیفٹیننٹ گورنر نے تمام محکموں کویاتریوں کیلئے بہترین اِنتظامات ،فول پروف سیکورٹی اور یاد گار تجربہ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جمعرات کو پہلگام میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور 3 ؍جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ اور پہلگام محور کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، آئی جی پی ٹریفک جموںوکشمیر ایم سلیمان چودھری،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ،ایس ایس پی اننت ناگ امود ناگپورے اشوک اور سول اِنتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے لاجسٹکس، رہائش، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، بجلی اور پانی کی فراہمی، شہری سہولیات کی دستیابی، روڈ کنکٹویٹی، آر ایف آئی ڈی کارڈز، جوائنٹ کنٹرول روموںکے کام، ٹریک کی بحالی اور توسیع کے کام، فٹ برجوں کی تعمیر، لنگروں کے قیام، ہولڈنگ ائیریاز کی تیاری، ٹریفک مینجمنٹ اور سیکورٹی اِنتظامات سمیت تمام اہم شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کے لئے بہترین اِنتظامات، فول پروف سیکورٹی اور یاتریوں کے لئے ایک یادگار تجربہ یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے یاترا کے پُرامن اور احسن اِنعقاد کے لئے جامع سیکورٹی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ منصوبہ بندی پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،’’یاترا کا انتظام ایک جامع، مخلوط منصوبہ بندی کے طریقے کا تقاضا کرتا ہے اور عملی کوتاہیوں کے لئے صفر برداشت کی پالیسی ہونی چاہیے۔ آپریشنز کو بلند پہاڑی علاقوں، سخت موسمی حالات اور بڑی تعداد میں ہجوم سے متعلق خطرات کو مؤثر انداز میں کم کرنا ہوگا۔‘‘حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے موسم کی بنیاد پر انخلا کے طریقۂ کار تیار کئے جائیں اور اہم مقامات پر ماؤنٹین ریسپانس ٹیمز (ایم آر ٹیز) تعینات کی جائیں۔ اِس کے علاوہ تمام ٹرانزٹ خیموں کی سخت معیار جانچ کی جائے اور انہیں فنکشنل آگ بجھانے والے آلات سے لیس ہونا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو ہدایت دی کہ راستوں پر ہجوم کے حقیقی وقت کے تجزیے کے ذریعے رکاوٹ والے مقامات کی نشاندہی اور انہیں دور کیا جائے جبکہ ٹریفک کے بہتر انتظام اور مخصوص پارکنگ زونوں کا نفاذ کیا جائے تاکہ بھیڑ سے بچا جا سکے اور ضروری سامان کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ کاموں کی بروقت تکمیل اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ہم آہنگی اور قریبی تال میل کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے بی آر او کو ہدایت دی کہ یاترا شروع ہونے سے پہلے تمام الاٹ شدہ کام مکمل کر لیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور زمینی معائینہ کریں تاکہ خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زو ردیا کہ ٹرانزٹ کیمپوں اور قیام گاہوں پر تربیت یافتہ عملہ، قابل اعتماد پانی اور بجلی کی فراہمی موجود ہونی چاہیے تاکہ یاتریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کو سہولیت حاصل ہو۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے میٹنگ کو سالانہ یاترا کے احسن اور پریشانی کے بغیر اِنعقاد کے لئے کی جانے والی مجموعی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ایس ایس پی اننت ناگ نے کثیر سطحی سیکورٹی فریم ورک اور پورے راستے پر یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے جامع اقدامات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’جموں و کشمیر اِنتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز، مرکزی حکومت اور شرائین بورڈ نے بابا امرناتھ کے عقیدت مندوں کے لئے محفوظ اور روحانی تجربہ یقینی بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔ مقامی باشندے اور تمام شراکت دارملک بھر سے آنے والے یاتریوں کے اِستقبال کے لئے بے تاب ہیں۔‘‘










