لیفٹیننٹ گورنر نے پلوامہ اور شوپیان میں کثیر المقاصد سنیماہالوں کا اِفتتاح کیا

پلوامہ / شوپیاں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پلوامہ اور شوپیان اَضلاع میں کثیر المقاصد سنیما ہالوں کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ آج جموںوکشمیر یوٹی کے لئے ایک تاریخی دِن ہے ۔ پلوامہ اور شوپیاں میں کثیر المقاصد سنیماہال فلموں کی سکریننگ ، انفوٹینمنٹ اور نوجوانوں کی مہارت اور مختلف سہولیات فراہم کریں گے۔‘‘اِس تقریب کو دیکھنے کے لئے طلباء ،نوجوان اور زندگی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ درسو پلوامہ اور ایم سی شوپیاں کے نئے کثیر المقاصد سنیما ہالوں میں جمع ہوئے۔حکومت کے مشن یوتھ ڈیپارٹمنٹ نے ضلعی اِنتظامیہ کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں سنیما گھروں کا قیام شروع کیا ہے ۔ اننت ناگ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، ڈوڈہ ، راجوری ، پونچھ ، کشتواڑ اور رِیاسی میں سنیما ہالوں کا جلد ہی اِفتتاح کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پلوامہ اور شوپیان کے کثیر المقاصد سنیما ہالوں کو لوگوں بالخصوص کشمیر کی نوجوان پود کے نام وقف کیا جو اِس لمحے کا طویل عرصے سے اِنتظار کر رہے ہیں۔اُنہوں نے مشن یوتھ کے تحت جموںوکشمیر یوٹی کے ہر ضلع میں اِسی طرح کے کثیر المقاصد سنیما ہال قائم کرنے کے حکومت کے نظریۂ کو شیئر کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سنیما ایک طاقتورتخلیقی ذریعہ ہے جو ثقافت ، اقدار اور لوگوں کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے ۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ علم کی دُنیا ، نئی دریافتوں کے دروازے کھولتا ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنے کے قابل بناتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کا سنیما کی دُنیا سے طویل وابستگی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی فلم پالیسی اور سہولیات نے جموںوکشمیر کو ایک بار پھر شوٹنگ کا پسندیدہ مقام بنایا ہے اور جموںوکشمیر یوٹی میں فلم سازی کے سنہر ی دُور کو واپس لایا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مشن یوتھ ، ضلعی اِنتظامیہ ،جادو گروپ اور سوسائٹی کے تعاون سے سنیما کی طرف سے پیش کی جانے والی لازول تخلیقی صلاحیتوں کومستقبل میںسراہا جائے گا۔اُنہوںنے کہا کہ ہمارے ملک میں سماجی تبدیلی میں سنیما نے بہت بڑا کردار اَدا کیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیںرول ماڈل دینا ، معاشرے اور قوم کے لئے کام کرنے کی ترغیب دینا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اِس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ جموںوکشمیر کے باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ کے لئے صحیح پلیٹ فارم اور جدید سہولیات میسرہوں۔اُنہوں نے کہا کہ نئے سنیما ہال مقامی لوگوں کے لئے روزگار پیدا کریں گے اور نوجوانوں کی تربیت اور سمیناروںکے لئے ایک متحرک جگہ بھی فراہم کریں گے۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ڈی ڈی سی شوپیاں محترمہ بلقیس جان، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار، ڈی آئی جی شیخ عبدالجبار ، سی اِی او مشن یوتھ ڈاکٹراِقبال چودھری ، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں سچن کمار واشیا،ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری کے علاوہ سول ، اِنتظامیہ اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ اَفسران اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔