کہا،کشمیر شیو ازم کے سب سے بڑے علمبردارشیوا آچاریہ ابھینو گپتا کی زِندگی اور تعلیمات ہندوستان کے روحانی ورثے کو روشن کرتی رہتی ہیں
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے سری نگر کے مائسمہ میں شری آنندیشور بھیرَو ناتھ جی مہاراج استھاپن میں شیو آچاریہ ابھی نوگپت جینتی اور نرجلا ایکادشی کے موقعہ پر منعقدہ رودر ابھیشیک تقریب میں شرکت کی۔اُنہوںنے عقیدت مندوں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں دلی مُبارک باد پیش کی۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شری آنندیشور بھیرو ناتھ جی مہاراج استھاپن جموں کشمیرمیں ایک قابل قدر اورمحبوب مقام رکھتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سب کے امن، خوشحالی اور بھلائی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عظیم سنتوں اور رشیوں کا نظریہ ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ ہماری اجتماعی ترقی اور ہم آہنگی ایک دوسرے سے خوبصورتی سے جڑی ہوئی ہے۔اُنہوںنے کہا،’’کشمیر شیو ازم کے سب سے بڑے علمبردار شیو آچاریہ ابھینوگپت کی زِندگی اور تعلیمات ہندوستان کے روحانی ورثے کو روشن کرتی رہتی ہیں۔جمالیات سے لے کر خود شناسی کے گہرے فلسفے تک ان کانظریہ ہمارے ضمیرکو ایک صحیح سمت بخشنے کی ترغیب دیتا ہے۔‘‘تقریب میں شری آنندیشور بھیرَو ناتھ استھاپن ٹرسٹ کی اِنتظامی اور تنظیمی کمیٹی کے اراکین بشمول صدر شری اومکار ناتھ بھٹ ، نائب صدرشری ہری کرشن کول، ایگزیکٹیو ممبرشری ہیرا لال کول ، جوائنٹ سیکرٹری شری پشپتی ناتھ کول اور سیکرٹری شری وِجے ساس موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، آئی جی پی سی آئی ڈِی تیجندر سنگھ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگراَکشے لابرو اور دیگرسینئر افسران بھی تھے۔










