سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے بال تل بیس کیمپ میں ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن کی ’’ شبھم ۔شیوم ‘‘ مہم کا آغاز کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ یہ مہم دیرپا، صاف ستھری اور زیرو لینڈ فل شری امرناتھ جی یاترا کے ہدف کے حصول کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ اس موقعہ پر اُنہوں نے کئی ماحول دوست اختراعات کے ساتھ نئی ویب سائٹ، یاترا کا ترانہ، لوگو اور میسکاٹ کی نقاب کشائی کی۔اُنہوں نے کہا،’’اس مہم کی اصل طاقت ہماری صفائی ٹیم ہے۔ میں کرم یوگی رضاکاروں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوںجن کی انتھک محنت آئندہ دنوں میں بیس کیمپ اور دونوں راستوں کو صاف ستھرا رکھے گی۔ یہی وہ حقیقی ہیرو ہیں جو زیرو ویسٹ کے ہمارے ویژن کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں اور شری امرناتھ جی یاترا کے ماحول اور روحانی تقدس کو محفوظ بنا رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ رورل سینٹی ٹیشن کے تمام اِختراعی اقدامات لگن اور نظم و ضبط پر مبنی ہیں اور ہر شراکت دار کو ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دینا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ شبھم۔شیوم کا ویژن ہر یاتری، ہر لنگر اور اس سفر میں ہر خدمت فراہم کرنے والے کو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ ماحولیات اور اس کے قدرتی وسائل کا تحفظ ایک مقدس فریضہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’صاف، دیرپا اور زیرو لینڈ فل شری امرناتھ جی یاترا اس بات کا واضح اعلان ہے کہ انتہائی دشوار گزار جغرافیائی حالات میں بھی صفائی کو برقرار رکھنا ہماری اِجتماعی ذِمہ داری ہے۔ اس عزم کی بہترین مثال ’تریم بکم‘ موبائل ایپلی کیشن ہے جس کے ذریعے کوئی بھی یاتری کسی مقام پر موجود کچرے کی تصویر بھیج کر فوری کارروائی یقینی بنا سکتا ہے۔‘‘اُنہوں نے سرکیولر اکانومی اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ’’ سواہا‘‘ برتن بینک، جہاں معمولی سیکورٹی ڈیپازٹ کے عوض سٹیل کی پلیٹیں اور کپ فراہم کئے جاتے ہیں، اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ سہولیت اور ماحولیاتی ذمہ داری ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں۔اِسی طرح’امرناتھ سیوا کیفے”‘ویسٹ جمع کرنے کو خدمت اور عوامی شمولیت کا ذریعہ بناتا ہے جہاں جمع شدہ پلاسٹک کے بدلے چائے اور ہلکی پھلکی غذا فراہم کی جاتی ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ بابا برفانی سے حقیقی عقیدت صفائی میں عملی حصہ لینے سے ظاہر ہوتی ہے۔اُنہوں نے مزید اعلان کیا کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فور وے سیگر یگیشن سنگل یوز پلاسٹک پر مکمل پابندی اور ہر لنگر و کیمپ کے لئے مخصوص صفائی کے معیارات نافذ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا،”محکمہ دیہی صفائی کا سرکاری لوگو، جس میں بھگوان شیو کے گرد 34 ترشول دکھائے گئے ہیں، ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اس پوتر دھرتی اور اس کے ماحول کا تحفظ ہم سب کی اِجتماعی ذمہ داری ہے۔ یاترا کا ترانہ ’سوچھتا دھرم ہمارا‘یقیناً یاتریوں کے دلوں میں اسی طرح گونجے گا جیسے بابا برفانی کی برکت اور ان پہاڑوں کی بازگشت ان کے سفر کے بعد بھی ان کے ساتھ رہتی ہے۔ میں آئندہ دنوں میں ان دشوار گزار راستوں پر خدمات انجام دینے والے ہزاروں کارکنوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کرتا ہوں۔ آئیے آج یہ عہد کریں کہ بابا امرناتھ کی پوتریاترا ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے تمام یاتریوں کے لئے ایک بے مثال اور یادگار تجربہ ثابت ہوگی۔‘‘آغازی تقریب میںممبر شری امرناتھ جی شرائین بورڈکے این رائے، ڈی جی پی جموںوکشمیر نلین پربھات، ڈی آئی جی جموں و کشمیر، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری و چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گَرگ،منیجنگ ڈائریکٹر کے کے پی ڈِی سی ایل اور بال تال محور کے نوڈل آفیسر راہل یادو،آئی جی پی کشمیر وی کے بردی،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور،ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن جموں وکشمیر انو ملہوترااور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










