سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے لوک بھون سری نگر میں سیو یوتھ، سیو فیوچر فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کے ساتھ ملاقات کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے فاؤنڈیشن کے ممبران کی جانب سے سماجی خدمت، عوامی رابطہ مہمات اور منشیات کے خلاف جدوجہد میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کو فروغ دینے کے لئے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے سفیر بنیں، اَپنے اَپنے علاقوں میں بیداری پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں اور ایک خوشحال اور صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لئے عزم و استقلال کے ساتھ کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ منشیات کے پورے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ اس بدعت سے متاثرہ نوجوانوں کو علاج، بحالی اور معاشرے کے مرکزی دھارے میں دوبارہ شامل ہونے کے لئے ہر ممکن موقع فراہم کیا جائے گا۔ دوران ملاقات سیو یوتھ سیو فیوچر فاؤنڈیشن کے ممبران نے’ نشا مکت جموں کشمیر ابھیان ‘کی سربراہی کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے منشیات فروشوں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث اَفراد کے خلاف سول اِنتظامیہ اور جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے کی گئی سخت کارروائی کی بھی سراہنا کی۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے سیو یوتھ سیو فیو چر فائونڈیشن کی ایک پہل ’’ ملاقات‘‘ کا بھی آغاز کیا جس کا مقصد مختلف کمیونٹیوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تاکہ وہ باہمی ملاقات، اپنے تجربات، یادوں، روایات اور ثقافتی ورثے کا تبادلہ کر سکیں۔ اِس کا مقصد سماجی روابط کو مضبوط بنانا، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا اور معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو پروان چڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔چیئرمین سیو یوتھ، سیو فیوچر فاؤنڈیشن وجاہت فاروق بٹ،سربراہ خواتین وِنگ انیقہ نذیر،صدر جنوبی کشمیر زون مدثر احمد ڈار اور فاؤنڈیشن کے ٹیم ممبران بھی اِس موقعہ پرموجود تھے۔










