گگن گیر دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہوئے شہریوں کی عیادت کی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سری نگر کے سکمز ہسپتال کا دورہ کر کے گگن گیر دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہوئے شہریوں کی عیادت کی۔سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمیوں کی صحت کی حالت اور طبی طریقۂ کار پر عمل کرنے کے بارے میں جانکاری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِنسداد دہشت گردی کے لئے مربوط آپریشن کی ہدایت دی ہے اور جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز سے کہا ہے کہ وہ ایسی قیمت کا تعین کریں جو دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کو آنے والے وقت تک یاد رہے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ایک ٹویٹ میں کہا ،’’گگن گیر دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہوئے تعمیراتی کارکنوں کی صحت کے بارے میں جاننے کے لئے سری نگرکے ہسپتال کا دورہ کیا۔ میں ان کی جلد صحتیابی اور شفایابی کے لئے دُعا گو ہوں۔حکام کو متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔تعمیراتی کارکنوں کے خلاف وحشیانہ حملے کا بدلہ لیا جائے گا۔ میں نے جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز سے کہا ہے کہ وہ ایک ایسی کارروائی کریں جو دہشت گردوں اور اُن کے ساتھیوں کو آنے والے وقت تک یاد رہے گی۔‘‘










