یاتریوں کیلئے اِنتظامات کا جائزہ لیا،تمام شیو بھگتوں کو چوبیس گھنٹے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جمعرات کے روز سری نگر کے پنتھا چوک میں یاترا ٹرانزٹ کیمپ اور یاتری نواس کا دورہ کیا اور جاری شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے موقعہ پر موجود افسران اور یاتریوں سے بات چیت کی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بھگوان شیو کے ہر عقیدت مند کو چوبیس گھنٹے بہترین نگہداشت اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران سے کہا،’’رجسٹریشن سے لے کر قیام و طعام تک کسی بھی یاتری کو کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔ان کے جموں و کشمیر میں قیام کو روحانی اور آرام دہ بنانا ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہونی چاہیے۔‘‘اُنہوںنے یاتریوں کے آرام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں رہائش، صفائی، سیکورٹی، صحت سہولیات، پینے کے پانی، بجلی کی فراہمی، آتشزدگی سے بچائو کے اقدامات اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’گزشتہ ہفتے کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس برس شری امرناتھ جی یاترا میں پچھلے برس کے مقابلے میں زیادہ عقیدت مند وں نے شرکت کی ہے۔ یہ اضافہ نہ صرف ہماری روحانی وراثت کے لئے باعث مسرت ہے بلکہ جموں و کشمیر کی سیاحت کے لئے بھی ایک مثبت علامت ہے جو مقامی معیشت کو نئی رفتار دے رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’میں چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کی شاندار دستکاری اور ہینڈلوم مصنوعات ملک بھر تک پہنچیں اور یہ منفرد ورثہ ہر عقیدت مند کے گھر میں جگہ پائے۔ اس سے ہمارے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ’ون ڈِسٹرکٹ، وَن پروڈکٹ‘ مہم کے جذبے کو بھی مضبوط کرے گاجو عقیدت، ثقافت اور خوشحالی کو ایک مضبوط رشتے میں پروتی ہے۔‘‘

لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی اِنتظامیہ، تمام متعلقہ محکموں، شری امرناتھ جی شرائین بورڈ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی مربوط کوششوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے مؤثر ہجوم کے انتظام کو یقینی بنانے کے لئے قریبی تال میل اور چوکسی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے جعلی رجسٹریشن میں ملوث اَفراد کے خلاف سخت قانون کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ۔اِس موقعہ پر ڈی جی پی نلین پربھات،چیف ایگزیکٹیو آفیسر شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، صوبائی کمشنر کشمیرانشل گرگ، ڈی آئی جی سی کے آر راجیو پانڈے، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اکشے لابرو، میونسپل کمشنر فضل الحسیب اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔










