لیفٹیننٹ گورنر نے خوشحال قبائلی برادری کے وژن کے ساتھ بڑے اقدامات کا آغاز کیا

5 اگست کو ’ جے اینڈ کے بھرشٹا چار مکتی دیوس ‘ کے طور پر منایا جائے گا:ایل جی

سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج ایک خوشحال قبائلی برادری کے وژن کے ساتھ بڑے اقدامات کا آغاز کیا ۔ تقریب کے موقع پر لفٹینٹ گورنر نے پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت مختلف دفعات کو مکمل طور پر آن لائن موڈ کے ذریعے بڑھانے کے حکومت کے فیصلے کا اعلان کیا ۔ آن لائن پبلک سروسز اب پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کے تحت مقرر کردہ ٹائم لائینز سے منسلک ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ڈیفالٹ کرنے والے افسران کو خود کار آن لائن موڈ میں ناکامی پر نوٹس بھیجے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست کو ’ جموں و کشمیر بھرشٹا چار مکتی دیوس ‘ کے طور پر منایا جائے گا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے 26 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے آٹھ قبائلی ہوسٹلوں کا افتتاح کیا اور 100 کروڑ روپے کی لاگت سے 25 قبائلی ہوسٹلز کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر کی طرف سے سلسلہ وار اقدامات کے آغاز کا مشاہدہ کیاگیا جس میں این ای ای ٹی /جے ای ای کیلئے کوچنگ پروگرام اور ٹاپ 50 ، ہوسٹ 50 اور اسٹارز 100 اسکیموں کے تحت مسابقتی امتحانات شامل ہیں ۔ ٹاپ 20 ہونہار قبائلی طلباء کو میٹرک کے امتحان میں شاندار کارکردگی پر لیپ ٹاپ ملے ۔ اس کے علاوہ ٹاپ دو طلباء کو بھی ایک ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات سے نوازا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ہوسٹل کے طلباء میں ٹیبلیٹ کمپیوٹر اور سپورٹس کٹس بھی تقسیم کی گئیں ۔ نقل مکانی کرنے والی قبائلی آبادی میں سمارٹ کارڈ تقسیم کئے گئے تا کہ ان کی ہموار موسمی ہجرت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے ’’ بھارت کو جانو ‘‘ پروگرام کے تحت 200 قبائلی ہوسٹل طلباء کے نمائشی دورے کو بھی جھنڈی دکھائی جس سے قبائلی نوجوانوں میں ’ ایک بھارت شریشٹھ بھارت ‘ کا جذبہ ابھرے گا ۔ قبائلی برادری کے لوگوں کیلئے نئے اقدامات کو وقف کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ قبائلی امور کے محکمے کی اسکیمیں نوجوانوں کی پیداواری صلاحیتوں کو اجاگر کریں گی ، قبائلی برادری کی تمام تر امتیازی سلوک ، خوف اور عدم تحفظ سے پاک ترقی ہو گی ۔ جموں و کشمیر میں قبائلی برادری کے حقوق کی حفاظت کیلئے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تئیں اظہار تشکر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر کی قبائلی آبادی کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا جنہیں دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا تھا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج شروع کئے گئے اقدامات قبائلی برادری کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور کمیونٹی کی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو وہ تمام سہولیات میسر کرنے کیلئے حکومت کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں جن سے ان کی پچھلی نسلیںمحروم تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی برادری کی نئی نسل کو بہترین تعلیم کی سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ہم نے پری میٹرک سکالر شپ کا دائرہ 1.5 لاکھ طلباء تک بڑھایا اور 12500 بچوں کو پوسٹ میٹرک سکالر شپ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ قبائلی برادری کے بچوں کی تعلیم کیلئے 50.62 کروڑ روپے کے اسکالر شپ دئیے جا رہے ہیں جو کہ اپنے آپ میں ایک بڑا ریکارڈ ہے ۔ میزبان 50 اور ٹاپ 50 کے اقدامات کے تحت قبائلی برادری کے 100 ہونہار طلبا جن میں 45 لڑکیاں بھی شامل ہیں کو پہلی بار این ای ای ٹی /جے ای ای امتحانات کیلئے سرکاری فہرست میں شامل اداروں میں کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔ مزید یہ کہ 2000 قبائلی نوجوانوں کو مختلف پیشوں میں باضابطہ ہنر مندی کی تربیت دی جائے گی اور ایسے بہت سے نوجوان جنہوں نے پہلے ہی کسی بھی پیشے کی غیر رسمی تربیت لے رکھی ہے انہیں بھی سند دی جائے گی ۔ ایک اور اہم قدم میں قبائلی برادریوں کیلئے پری میٹرک اسکالر شپ کو نیشنل اسکالر شپ پورٹل پر آن بورڈ کر دیا گیا ہے اب اسکالر شپ کی رقم مکمل طور پر شفاف طریقے سے 10 ہزار قبائلی طلباء کے کھاتوں میں براہ راست منتقل کی جائے گی ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کی قبائلی آبادی کے طلباء کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اصلاحی اقدامات کے بارے میں ایک ویڈیو کلپ بھی دکھایا گیا ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قبائلی عوام کیلئے وقف قدم اور اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کو فراہم کردہ لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس انہیں اپنی محنت اور عزم کے ساتھ روشن مستقبل بنانے کے قابل بنائیں گے ۔ سیکرٹری برائے حکومت قبائلی امور کے محکمے ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں جموں و کشمیر کی قبائلی برادری کیلئے مختلف بڑے اقدامات کے افتتاح کی تفصیلات بتائیں ۔ پرنسپل سیکرٹری سکول ایجوکیشن مسٹر بی کے سنگھ ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے کے علاوہ قبائلی برادری کے طلبا اور ان کے وارڈنز اور قبائلی برادری کے اراکین کی بڑی تعداد نے شاندار تقریب میں شرکت کی ۔