جموں//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے ایچ ڈِی ایف سی بینک لمیٹڈ کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی(سی ایس آر) پروگرام ’’ایچ ڈِی ایف سی پریورتن‘‘کے تحت فراہم کردہ موبائل میڈیکل کیئر یونٹ وین کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اُنہوں نے ایچ ڈِی ایف سی بینک لمیٹڈ کی اس فلاحی پہل کو سراہا جو جموںڈویژن میں 27 ماہ تک جاری رہے گی۔ یہ پروگرام بالخصوص ضلع رام بن پر مرکوز ہے اور اس کا مقصد خطے کے عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا ہے۔موبائل میڈیکل کیئر یونٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق مختلف علاقوں میں جا کر لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ اِس یونٹ میں ایک مستند طبی ٹیم خدمات انجام دے گی جس میں ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر، کمیونٹی ہیلتھ آفیسر، نرسنگ عملہ اور ایک کمیونٹی موبلائزر شامل ہوں گے۔اس وین میں 84 ضروری اَدویات کے علاوہ موقع پر طبی جانچ کی سہولیات بھی موجود ہیںجن میں ہیموگلوبن، بلڈ شوگر، یورین پریگننسی ٹیسٹ، چکن گنیا، ملیریا، ٹائیفائیڈ اور ڈینگی کے ٹیسٹ شامل ہیں۔روزانہ او پی ڈی خدمات کے ساتھ ساتھ اس پروگرام کی بنیادی توجہ زچہ و بچہ کی صحت، غیر متعدی امراض ( این سی ڈِی)، موسمی بیماریوں، آبی امراض اور مچھروں کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روکتھام پر مرکوز ہوگی۔ طبی ٹیم حاملہ خواتین کی قبل از ولادت اور بعد از ولادت نگہداشت فراہم کرے گی جبکہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی باقاعدہ سکریننگ بھی انجام دی جائے گی۔اس اَقدام کے تحت ہر سہ ماہی میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں خصوصی طبی کیمپ، صحت سے متعلق بیداری پروگرام اور زیرِ احاطہ علاقوں کے بچوں کے لئے سکول ہیلتھ پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ صحت کی سہولیات میں موجود اہم خلا کو مؤثر انداز میں پُر کیا جا سکے۔لوک بھون جموں میں منعقدہ فلیگ آف تقریب میںصوبائی کمشنر جموں رمیش کمار،زونل ہیڈایچ ڈِی ایف سی بینک سچن مہاجن، جموں و کشمیر ہیڈ ایچ ڈِی ایف سی بینک میرا چودھری، کلسٹر ہیڈ ایچ ڈِی ایف سی بینک ابھیشیک کھجوریہ، ہیڈ ہیلتھ سمائل فاؤنڈیشن ستنام سنگھ نیز ایچ ڈِی ایف سی بینک لمیٹڈ اور سمائل فاؤنڈیشن کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔










