لیفٹیننٹ گورنرنے شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

لیفٹیننٹ گورنرنے شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

یاتریوں سے صرف درست رجسٹریشن کے بعد سفر کرنے کی اپیل

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری شری امرناتھ جی یاترا۔ 2026 کے مجموعی اِنتظامات اور زمینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈِی جی پی جموں و کشمیر نلین پربھات، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن ایس جے ایم گیلانی ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی،جوائنٹ ڈائریکٹر انٹلی جنس بیورو( آئی بی) پنکج ٹھاکر، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اورسی ا،ی او شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری سمیت سول اِنتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز، شرائین بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سینئر اِفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کے خوش اسلوبی اور احسن اِنعقادکو یقینی بنانے کے لئے یاتریوں کی آواجاہی، ٹریفک مینجمنٹ، سیکورٹی اِنتظامات، رہائش، رجسٹریشن کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ غیر معمولی طور پر بڑی تعداد میں یاتری درست رجسٹریشن کے بغیر پہنچ رہے ہیں جس کی وجہ سے یاتریوں کو یاترا کرنے میں طویل اِنتظار کرنا پڑ رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یاترا سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق مقررہ یومیہ حد کے اندر ہی جاری رکھی جا رہی ہے۔اس لئے رجسٹریشن کے شیڈول پر سختی سے عمل کرنا تمام یاتریوں کی سلامتی، تحفظ اور سہولیت کے لئے ناگزیر ہے۔میٹنگ میں اِس بات کا اعادہ کیا گیا کہ صرف مقررہ تاریخ کے لئے درست رجسٹریشن رکھنے والے یاتریوں کو ہی پوتر گپھا کی طرف جانے والے راستوں پر جانے کی اِجازت ہوگی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایسے خواہشمند یاتریوں سے جنہوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کی ، اپیل کی کہ وہ آئندہ چند دنوں تک اپنے سفر کو مؤخر کریں تاکہ جموں و کشمیر پہنچنے پر انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اِنتظامیہ نے تمام یاتریوں سے کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر روانہ ہونے سے قبل لازمی رجسٹریشن مکمل کریں اور اَپنی مقررہ تاریخ کے مطابق درست یاترا رجسٹریشن پرمٹ حاصل کریں۔ بغیر تصدیق شدہ رجسٹریشن کے کسی بھی یاتری کو یاترا جاری رکھنے کی اِجازت نہیں دی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کے سیکورٹی اور لاجسٹک اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا اور تمام متعلقہ محکموں اور سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں اور لنگر تنظیموں، سروس فراہم کرنے والوں اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں( این جی اوز) سمیت تمام شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھیں تاکہ یاتریوں کو ایک محفوظ،ہموار، روحانی طور پر بامقصد اور یادگار یاترا کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔