لیفٹنٹ گورنر کی بوٹہ کدل میں مرکزی ذوالجناح کے جلوس میں شرکت ، ذوالجناح کو چادر چڑھائی

امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہو کر کام کریں، نواسہ رسول کاپیغام عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ:منوج سنہا

سری نگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو 10 محرم عاشورہ کو نکالے جانے والے مرکزی ذوالجناح کے جلوس میں شرکت کیلئے سری نگر کے مرکزی شہر کے بوٹا کدل علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے شیعہ عزاداروں میں مشروبات وغیرہ بھی تقسیم کی۔جے کے این ایس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج ہفتہ کی صبح11بجے پائین شہر کے علاقے بوٹہ کدل پہنچے اور وہاں سے برآمد ہوئے ذوالجناح کے جلوس میں شرکت کی۔ اس موقع پر منوج سنہانے ذوالجناح کو چادر چڑھائی اور حضرت امام حسین علیہ السلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے عزاداروں میں مشروبات وغیرہ بھی تقسیم کی کی اور ان کی مکمل حمایت کی۔معلوم ہواکہ لیفٹنٹ گورنر ہفتہ کی صبح 11 بجے کے قریب سخت حفاظتی حصار کے درمیان سری نگر کے بوٹہ کدل علاقے میں پہنچے۔ ان کے ساتھ اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار، ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کماربیدھوری، ڈی آئی جی پی وسطی کشمیر سوجیت کمار، ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال، ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد اور دیگر افسران بھی تھے۔ایل جی آفس کے ٹویٹر ہینڈل سے لیفٹنٹ گورنر سے منصوب بیان میں کہاگیاکہ آج یوم عاشورہ پر سرینگر کے مرکزی شہر بوٹا کدل میں ذوالجناح کے جلوس میں شامل ہوئے اور حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راستبازی اور انسانیت کی عظیم تر بھلائی کیلئے حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔منوج سنہا نے کہاکہ حق، انصاف اور مساوات کی اقدار کی سربلندی کیلئے کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے جو پوری انسانیت کو راہ راست پر چلنے کی رہنمائی کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے مزید کہاکہ آئیے آج کے دن حضرت امام حسین علیہ السلام کے لازوال نظریات کو اپنائیں اور عوام کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو کر کام کریں۔خیال رہے محرم اسلام کے مقدس ترین مہینوں میں سے ایک ہے، جب دنیا بھر کے مسلمان بالخصوص شیعہ برادری حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی یادمیں جلوس نکالتے ہیں، جنہیں 680 عیسوی میں عراق میں واقع تاریخی مقام کربلا میں شہید کیا گیا تھا۔