باپو کے خیالات لوگوں کی خوشحالی ، وقار اور بااختیار بنانے کا طاقتور ذریعہ ہیں ۔ سیل جی سنہا
سرینگر //لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے مہاتما گاندھی کی 154 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ یو ٹی سطح کے پروگرام سے خطاب کیا ۔ اس تقریب نے اننت ناگ سے شروع کی گئی ’ شانتی یاترا ‘ اور دیگر پروگراموں کے سلسلے کے اختتام کو بھی نشان زد کیا جو پورے یو ٹی بھر کے اسکولوں میں منعقد ہونے والی گاندھی جینتی کی مہینہ بھر کی تقریبات کا حصہ ہیں ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے گاندھی جینتی اور سابق وزیر اعظم جناب لال بہادر شاستری کی یومِ پیدائش کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ۔ لیفٹنٹ گورنر نے مہاتما گاندھی کی لازوال اقدار کو یاد کیا جو دنیا بھر کی نسلوں کو متاثر کر رہی ہیں اور سچائی ، اہنسا ، ستیہ گرہ ، سادہ زندگی کی طاقت پوری انسانیت کو امن اور بھائی چارے کی راہ پر گامزن کر رہی ہے ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا ’’ باپو کے خیالات لوگوں کی خوشحالی ، وقار اور بااختیار بنانے کا طاقتور ذریعہ ہیں ۔ ان کے لازوال نظریات ہی دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کا واحد موثر ذریعہ ہیں ‘‘۔ لیفٹنٹ گورنر نے باپو اور ان کے نظریات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے شانتی یاترا کے دوران 27000 سے زیادہ طلبہ کے متاثر کُن سفر کی ستائش کی ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ باپو کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ لگن اور اسباب کی پاکیزگی کا جذبہ نہ صرف آزادی کو یقینی بنا سکتا ہے بلکہ سماج کو بھی خوشحال بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ باپو کے خوابوں کا جموں و کشمیر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ جموں و کشمیر کے کونے کونے سے تشدد کے خلاف اٹھنے والی آوازیں اور ’’ شانتی یاترا ‘‘ میں لوگوں کی بھر پور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ مہاتما گاندھی کی امن اور جامع ترقی کی تعلیم جن ۔ آندولن میں بدل گئی ہے ۔ ‘‘ لیفٹنٹ گورنر نے سماج کے ہر طبقے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بابائے قوم کی گرانقدر تعلیمات سے دانشمندی حاصل کریں اور ایک پُر امن ، جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر کیلئے جدو جہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ باپو کا ہر قیمتی لفظ ایک ادارے کے طور پر کام کرتا ہے ۔ آپ ان کے فلسفہ حیات سے جو سیکھیں گے وہ کہیں اور نہیں ملتا ۔ انہوں نے کہا کہ باپو کے نظریات کا قیمتی خزانہ ہی قوم کی تعمیر میں آپ کی رہنمائی کرسکے گا اور یہ آپ کو سماجی مفادات کے تحفظ کیلئے بااختیار بنائے گا ۔ لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ پوجیہ باپو کی زندگی بھر کی مہمات اور ان کے سچائی ، عدم تشدد ، بے لوث خدمت ، قربانی ، محبت اور رواداری کے فلسفے کو جموں کشمیر کے سنہرے مستقبل کے حصول کیلئے تمام شہریوں کی رہنمائی جاری رکھنا چاہئیے ۔ لیفٹنٹ گورنر نے فنکاروں اور طلباء کی بھی ستایش کی کہ انہوں نے مہاتما گاندھی کی زندگی کو ان کی دلکش پرفارمنس کے ذریعے پیش کیا ۔ یو ٹی سطح کی تقریب میں لفٹینٹ گورنر نے مہاتما گاندھی کی تعلیمات اور فلسفے کو فروغ دینے میں غیر معمولی تعاون کیلئے ملک بھر کے نامور گاندھیائیوں کو اعزاز سے نوازا ۔ انہوں نے شانتی یاترا کے شرکاء سے بھی بات چیت کی اور گاندھی جینتی کی تقریبات کے ایک حصہ کے طور پر منعقدہ مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر گاندھی وادی بشمول پدم شری ایس پی ورما ، مسٹر رمیش بھیا ، مسٹر لکشمی داس ، ڈاکٹر رنجنا مکوپادھیائے اور اشوک کپور نے مہاتما گاندھی کی زندگی بھر کی مہموں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر ، چیف سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، انتظامی سیکریٹریز ، سینئر حکام ، تعلیمی اداروں کے سربراہان ، طلباء ، اساتذہ ، نوجوان اور ممتاز شہری موجود تھے ۔ یو ٹی بھر کے تعلیمی ادارے بھی ورچوئل موڈ کے ذریعے شامل ہوئے ۔










