شہر کے اہم راستوں پر ٹریفک پولیس کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی ہو گی
سرینگر // عید الاضحی کے موقعہ پر شہر سرینگر میں ٹریفک دبائو کو کم کرنے اور ٹریفک جام سے عوام کو نجات دلانے کیلئے ٹریفک پولیس سٹی سرینگر نے اہم راستوں پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کا منصوبہ بنایا لیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق عید الاضحیٰ سے قبل ٹریفک جام میں اضافے کے پیش نظر، سرینگر ٹریفک پولیس نے شہر بھر کے بڑے بازاروں کے اہم مقامات پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کی تجویز پیش کی ہے۔ٹریفک پولیس سٹی سرینگر کے ایک سنیئر آفیسر نے بتایا کہ شہر میں اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور کہا کہ اس اقدام کا مقصد عید الاضحی سے پہلے گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا ’’ جیسے جیسے عید الاضحی قریب آتی ہے، ہم شہر میں گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کی توقع کرتے ہیں۔ جس کے پیش نظر ان بازاروں کے قریب اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کر رہے ہیں جہاں لوگوں کی بھاری بھیڑ بھاڑ ہو سکتی ہے تاکہ ٹریفک جام کے مناظر سے عوام کو راحت نصیب ہو سکے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ زون میں پارک کرکے تعاون کریں۔ افسر نے اہم علاقوں پر روشنی ڈالی جہاں اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں گے، بشمول لال چوک ،جامع مسجد کا علاقہ، اور دیگر نمایاں بازار جہاں لوگوں کا کافی رش رہتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فعال اقدام کا مقصد ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا اور عید کے موقع پر ٹریفک کے مجموعی انتظام کو بہتر بنانا ہے۔










