جموں//آج کئی وفود ، عوامی نمائندوں اور اسکول کے طلبہ نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور انہیں مختلف ترقیاتی مسائل ، برادری کے خدشات اور اپنے متعلقہ حلقوں کے معاملات سے آگاہ کیا ۔ ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ عبدالحمید بھٹ ( لارمی ) ، ایم ایل اے سانبہ سرجیت سنگھ سلاتھیہ اور ایم ایل اے گلمرگ پیر زادہ فاروق احمد شاہ نے الگ الگ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور جاری ترقیاتی کاموں ، عوامی فلاح و بہبود کے مسائل اور اپنے اپنے حلقوں سے متعلق دیگر معاملات پر تبادل خیال کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے آنے والے عوامی نمائندوں اور وفود کی بات غور سے سُنی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائیز مطالبات اور ترقیاتی مسائل کو ترجیحی بنیاد پر جانچا اور حل کیا جائے گا ۔ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز ) کے ڈائریکٹر پروفیسر ( ڈاکٹر ) ایم اشرف غنی نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اس اعلیٰ صحت کے ادارے کے کام کاج سے انہیں آگاہ کیا ۔ چناب ویلی پاور پروجیکٹس لمٹیڈ ( سی وی پی پی ایل ) کے منیجنگ ڈائریکٹر رمیش مکھیا نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور کشتواڑضلع میں کمپنی کی جانب سے جاری مختلف پن بجلی منصوبوں کی صورتحال سے انہیں آگاہ کیا ۔ انہوں نے ان منصوبوں کے نفاذ اور پیش رفت سے متعلق اہم مسائل پر بھی بات چیت کی ۔ آل جموں و کشمیر کرسچن سبھا کے ایک وفد نے اپنے صدر آشو پیٹر متو کی قیادت میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سبھا کی جانب سے منعقد ہونے والے ایک آئندہ پروگرام پر بات کی ۔ وفد نے جموں و کشمیر میں عیسائی برادر ی سے متعلق مختلف مسائل سے بھی انہیں آگاہ کیا ۔ اس کے علاوہ انٹر نیشنل دہلی پبلک سکول ( آئی ڈی پی ایس ) جونئیرز جموں کے طلباء اپنے منیجنگ ڈائریکٹر سیا سنگھ ، پرنسپل سحرش اسماعیلی اور وائس پرنسپل آر ٹی شرما کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملے اور آنے والے چلڈرن ڈے کے موقع پر انہیں گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی ۔ اس ملاقات نے نوجوان طلباء کو اس موقع سے پہلے وزیر اعلیٰ سے ملنے کا موقع فراہم کیا ۔










