سری نگر کے رہائشیوں کے ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا
سری نگر//عبوری سپیکر مُبارک گُل نے آج سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ایس ڈی اے) کے وائس چیئرمین اور اتھارٹی کے دیگر ضلعی افسروں اور ایگزیکٹیو اِنجینئر (ایس ڈی اے) کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ کا مقصد سری نگر میںکلیدی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنا تھا تاکہ مقامی کمیونٹی کے لئے بہتر سہولیات اور مدد کو یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں پمپوش کالونی، رتھ کالونی، گٹا کالونی اور پالہ پورہ کالونی میں سڑکوں کی مرمت، میکڈیمائزیشن ، پانی جمع ہونے سے بچنے کے لئے نکاسی آب نظام کو ہموار کرنے اور مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے ،عید گاہ حلقہ کے رہائشیوں کے لئے لیز میں توسیع اور کمزور طبقوں کے لئے رہائشی فلیٹوں کی فراہمی سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکرموصوف نے عیدگاہ حلقہ میں کمزور طبقوں اور بے گھر افراد کے لئے سستے (2 بی ایچ کے) رہائشی فلیٹوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی جس سے سب کے لئے معیار ِزندگی کو بہتر بنانے کے عزم کو تقویت ملی۔سپیکر نے ایس ڈی اے کے افسران پر زور دیا کہ وہ علاقے میں تمام ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تیزی لائیں تاکہ ان علاقوں کے لوگوںکو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔










