عبدالرحیم راتھر نے یوسمرگ میں سیاحتی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

عبدالرحیم راتھر نے یوسمرگ میں سیاحتی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

بین ڈیپارٹمنٹل کوآرڈی نیشن ، معیاری بنیادی ڈھانچے اور سرمائی سیاحت کے فروغ پر زور

بڈگام//سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے یوسمرگ، ہائیجن، نیل ناگ، ناگ بل اور ملحقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں، ان پر عمل درآمد اور سپیشل ائیریا سسٹین ایبل کمیونٹی سینٹرڈ انیشیٹو (ایس اے ایس سی آئی) کے تحت تجویز کردہ نئے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ان سیاحتی مقامات پر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بننے والے محکمہ جنگلات سے متعلق معاملات کے حل پر بھی تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔دوران میٹنگ چیف ایگزیکٹیو آفیسر یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ریاض احمد نے علاقے کی ترقیاتی صورتحال پر مفصل پرزنٹیشن پیش کی۔ اُنہوں نے معروف ٹریکنگ مقامات، جاری اور مجوزہ منصوبوں، خوبصورتی بڑھانے کی سکیموں، پارکنگ سہولیات، سیاحتی بنیادی ڈھانچے، سرمائی سیاحت کے امکانات اور ایڈونچر ٹورازم سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ مالی برس 2026-27 کے دوران جاری اور نئے 21 ترقیاتی منصوبوں کے لئے 357 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں جن میں سے زائد از 85 لاکھ روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔سپیکر موصوف نے یوسمرگ۔ڈرگٹولن، یوسمرگ۔برگاہ، یوسمرگ۔نیل ناگ، یوسمرگ۔ہائیجن، یوسمرگ۔فریس ناگ اور یوسمرگ۔سنگِ سفید کو باہم جوڑنے والے ٹریکنگ ٹریلز کے ایک مربوط نیٹ ورک کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدرتی اور خوبصورت راستے سیاحوں کو منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کریں گے اور ساتھ ہی علاقے میںایکو ٹورازم کو فروغ دیں گے۔اُنہوں نے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور رابطہ ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگلات کی منظوریوں اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں تاکہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر نہ ہو اور سیاحوں یا مقامی آبادی کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سپیکر عبدالرحیم راتھر نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دیرپااور اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔اُنہوں نے سال بھر کے سیاحتی مقام کے طور پر یوسمرگ کی بے پناہ صلاحیت کو اُجاگر کرتے ہوئے علاقے میں سرمائی سیاحت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سرمائی کھیلوں اور ایڈونچر ٹورازم کی ترقی نہ صرف مزید سیاحوں کو راغب کرے گی بلکہ مقامی نوجوانوں کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گی اور علاقائی معیشت کو بھی تقویت بخشے گی۔سپیکر موصوف نے یوسمرگ کو جموں و کشمیر کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں شمار کرتے ہوئے اس کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبہ بند اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو یہ بھی ہدایت دی کہ ہائیجن۔یوسمرگ پلکی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ کنکٹویٹی کو بہتر بنانے اور سیاحت کے ساتھ ساتھ مقامی باشندوں کی آواجاہی کو آسان بنانے کے لئے بہت اہم ہے۔اس سے قبل سپیکر نے یوسمرگ کے داروان بستی کا دورہ کیا اُنہوں نے وہاںمقامی باشندوں سے ان کی شکایات اور ترقیاتی امنگوں کا جائزہ لیا۔ مکینوں نے اسے ترقی دینے پر زور دیا۔اُنہوں نے مختلف عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جنہوں نے سڑکوں کی بہتر رابطہ سہولیت، موبائل نیٹ ورک کی دستیابی، اے ٹی ایم کی تنصیب اور دیگر بنیادی عوامی سہولیات سے متعلق مسائل ان کے سامنے رکھے۔سپیکرموصوف نے یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھا کر جلد از جلد ان کا ازالہ کیا جائے گا۔میٹنگ میں یف کنزرویٹر آف فارسٹ کشمیر عرفان رسول وانی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ریاض احمد، ایگزیکٹیو انجینئرز چاڈورہ اور چرارِ شریف نیز یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، محکمہ جنگلات، محکمہ سیاحت، محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) اور بی ایس این ایل کے سینئر افسران نے شرکت کی۔