مقامی لوگ اورسیاسی کارکن نالاں، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے مداخلت کی اپیل
سری نگر//شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ہائیگام علاقہ میں ایک اہم رابطہ سڑک کی تعمیر پر محکمہ تعمیرات نے اچانک روک لگادی ہے ،جس پرمقامی لوگ اورسیاسی کارکن سخت نالاں ہیں ۔جے کے این ایس کومعلوم ہواکہ علاقہ ہائیگام سوپورمیں ایک اندرونی رابطہ سڑک کی تعمیر کاکام تقریباً7سال قبل محکمہ آراینڈ بی نے ہاتھ میں لیاتھا،اوراس سڑک کی تعمیرکاکام کچھوے کی چال کی طرح رُرک رُک کرروبہ عمل لایا گیا۔سڑک کے ایک حصے جوہائیگام تک جاتاہے ،کو مکمل کیاگیا،جس کے بعدعالی باغ سے تارزئو تک کی تقریباً4کلومیٹر مسافت والی سڑک کاکام گزشتہ برس پھر شروع کیاگیا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ عالی باغ سے تارزئو تک سڑک پرروڑی بچھائی گئی اورانجن لاکر اس کودبایاگیا،اب تارکول ڈالناتھاکہ سڑک کی تعمیر کاکام اچانک روک دیا۔نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر سنگرامہ محمدسبحان راتھر عرف منیجر نے بتایاکہ گزشتہ روز بارہمولہ میں ڈی ڈی سی کی ایک میٹنگ کے دوران عالی باغ تاتارزئو سڑک کی تعمیر کامعاملہ اُٹھایاگیا۔انہوںنے بتایاکہ میٹنگ میں موجود ایک ڈی ڈی سی ممبر نے نامعلوم وجوہات کی بناء پراس سڑک کی تعمیر پراعتراض اُٹھایا۔ محمدسبحان راتھر عرف منیجر کاکہناتھاکہ ڈی ڈی سی میٹنگ کے بعدسپرانٹنڈنٹ انجینئر آراینڈ بی بارہمولہ نے ایک آرڈر زیرنمبر 5425-26بتاریخ یکم ستمبر2022کوجاری کرکے عالی باغ ،تارزئو سڑک کی تعمیر اوراس روڑ پرتارکول ڈالنے کاآرڈر منسوخ کردیا۔انہوںنے کہاکہ مذکورہ زیرتعمیر سڑک کے کام پرروک لگانے اورتارکول ڈالنے کے آرڈر کومنسوخ کرانے کے پیچھے کچھ مفاد پرست افراد کاہاتھ ہے ،جو نہیں چاہتے کہ عالی باغ اورتارزئو بشمول ہائیگام کے لوگوںکوکوئی راحت پہنچے ۔نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر سنگرامہ نے مذکورہ سڑک پرتارکول بچھانے کے آرڈر کومنسوخ کئے جانے پرسخت نراضگی اورتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقہ کے منتخب ڈی ڈی ممبران کواب کوئی اخلاقی حق نہیں کہ وہ خود کوعوامی نمائندے کہہ سکیں ،اسلئے اُنکو مستعفی ہونا چاہئے ۔ساتھ ہی این سی عہدیدار نے شبہ ظاہر کیاکہ عالی باغ ،تارزئو سڑک کی تعمیر کیلئے مختص فنڈس کوکسی ڈی ڈی سی ممبر اپنے علاقہ میں کسی کام کیلئے منتقل کروائے ہونگے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ اورڈی ڈی سی چیئرپرسن بارہمولہ پرزوردیاکہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں ،تاکہ عالی باغ ،تارزو سڑک کی تعمیر کاکام جلد مکمل کیا جائے ،اورمقامی آبادی کوخستہ حال سڑک کی وجہ سے آنے والے دنوںمیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔










