عالمی یوم ماحولیات 2025

عالمی یوم ماحولیات 2025

محکمہ دیہی صفائی نے ہارون گارڈن میں منایا

سرینگر//محکمہ دیہی صفائی، جموں و کشمیر نے عالمی یوم ماحولیات 2025 کے موقع پر سرینگر کے خوبصورت ہارون گارڈن میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس سال کے عالمی تھیم “پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ” کے تحت منعقدہ یہ تقریب ماحول دوستی، بیداری اور سماجی شراکت کی اعلیٰ مثال بنی۔تقریب کا اہتمام بلاک ڈیولپمنٹ آفس ہارون کی جانب سے کیا گیا جس میں افسران، طلباء￿ ، صفائی عملہ اور مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی نظامت بی ڈی او ہارون، محمد مقصیت وانی نے انجام دی۔ڈائریکٹر جنرل دیہی صفائی، انو ملہوترا نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے تمام بی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ سوچھ بھارت مشن (دیہی) کو محض ایک پروگرام کے بجائے عوامی تحریک میں تبدیل کریں اور اس کے اہداف کو سال بھر جاری رکھیں۔ڈائریکٹر دیہی ترقی کشمیر، شبیر حسین بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر دیہی صفائی کشمیر، ڈاکٹر منتشا بنتی راشد اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ سرینگر، سید فاروق احمد بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبیر حسین بٹ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ایک اجتماعی فریضہ ہے اور ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور صاف ستھرا ماحول چھوڑ جائے۔ انہوں نے پلاسٹک کے متبادل استعمال پر زور دیا اور سماجی سطح پر کچرے کے پائیدار انتظام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ڈاکٹر منتشا بنت راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ ماحول کو نقصان پہنچاتے ہیں، انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ ان کے اعمال صرف مقامی سطح پر نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور کچرے کا غیر ذمہ دارانہ اخراج پوری دنیا کے ماحول کو متاثر کرتا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، سید فاروق احمد نے کہا کہ ماحول کی بہتری صرف پالیسی سازی سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عوامی شمولیت اور رویوں میں تبدیلی ناگزیر ہے۔تقریب میں شجرکاری مہم، آگاہی سیشنز، طلباء کی پیشکشیں اور صفائی کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر 4 جون کو “پلاسٹک آلودگی کے خاتمے” کے موضوع پر منعقدہ مصوری مقابلے میں کامیاب طلباء کو اعزازات سے نوازا گیا۔تقریب میں موجود شرکاء ، جن میں بچے، نوجوان اور بزرگ شامل تھے، کو جیوٹ بیگز فراہم کیے گئے اور ان سے درخواست کی گئی کہ وہ روزمرہ زندگی میں ان کا استعمال کریں اور اپنے علاقوں میں صفائی کے سفیر بنیں۔محکمہ دیہی صفائی نے اس موقع پر تمام بلاکس میں “ہر بلاک سے ایک آواز، پلاسٹک کو نا کہنا ہے” کے عنوان سے سوچھتا عہد بھی دلوایا۔ ریاست کے طول و عرض میں ہزاروں افراد نے اس عہد میں حصہ لیتے ہوئے پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور ماحول دوست طرز عمل اپنانے کا عزم کیا۔یہ تقریب نہ صرف محکمہ دیہی صفائی کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے عزم کی تجدید تھی بلکہ عوام کو بھی اس پیغام کے ساتھ جوڑنے کی ایک کامیاب کوشش ثابت ہوئی کہ صاف، سرسبز اور پلاسٹک سے پاک کشمیر ہماری اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔