عارفین اسکول آف ایکسیلنس بارہمولہ میں عربی زبان کے حوالے سے علمی مباحثے کا انعقاد

سرینگر //عارفین اسکول آف ایکسیلنس کے مین کیمپس میں منگلوار کو اسکول کے شعبہ عربی کی جانب سے عربی زبان کے حوالے سے ایک پینل مباحثے کا انعقاد کیاگیا جس کا عنوان ” منھج الدراسی للعرب فی مدارسنا المستقبل و التحدات” تھا۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق عربی زبان کی موجودہ صورتحال اور اس زبان کی ترقی وترویج کے حوالے سے ایک علمی مباحثے کا انعقاد کیا گیا جس میںوادی بھر سے عربی زبان کے ماہرین نے شرکت کی جو کہ مختلف کالجوں اور مدارس میں اپنی خدمات انجام دے رہیں ہیں، جن میں خاص کر پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن وار بھی شریک تھے۔ اس موقعہ پرماہرین نے اسکولی سطح پر پڑھائی جانے والی عربی زبان کے حوالے سے درپیش مشکلات اور اس زبان کو پڑھانے کے اغراض و مقاصد پر خوب بحث کی۔ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ اس زبان کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق پڑھانے کے لئے ہمارے پاس ایک مضبوط درسی نصاب موجود ہو جوکہ آسان اور بچے کی طبیعت کے مطابق ہو، ایک ایسا نصاب جوکہ جدید فن تعلیم کے عین مطابق ہو۔اس مباحثے میں شریک تمام حضرات نے اپنی اپنی قیمتی آرا ء حاضرین کے سامنے رکھتے ہوے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے خطے میں عربی زبان کے فروغ کے لئے یہ بات لازمی ہے کہ اس سے وابستہ افراد ملکر ایک ایسا پلیٹ فارم تیار کریں جہاں سے اس زبان کی خدمت ہوسکے۔اسکے علاوہ وادی بھر سے آئے ہوئے مہمانوں نے اسکول کی اس کوشش کو بے حد سراہتے ھوئے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کرنے پر زور دیااور اس بات کا بھی عہد کیا کہ عربی زبان کے فروغ کے حوالے سے وہ اپنا قیمتی وقت اس خدمت کو انجام دینے کے لئے تیار ہے جس سے اس زبان کی ترقی، اور اس زبان کو وہ مقام حاصل ہو جوکہ اس کا حق ہے۔