جموںوکشمیر بھر میں ٹیچر ایجوکیشن اِداروں سے متعلق مسائل پر بات کی
سری نگر// وزیرِ تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں جموں و کشمیر پرائیویٹ بی ایڈ کالج ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کے ٹیچر ایجوکیشن اداروں کو درپیش مختلف مسائل اور امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم، سپیشل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں وزیر موصوفہ نے نجی کالجوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور طلبأ مرکوز معیاری سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اعلیٰ معیار کی ٹیچر ایجوکیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ سکینہ اِیتو نے کہا کہ معیاری بنیادی ڈھانچہ، مناسب سہولیات اور مقررہ ضوابط پر عمل درآمد قابل اور باصلاحیت مستقبل کے اَساتذہ کی تیاری اور جموں و کشمیر میں اَساتذہ کی تعلیم کے مجموعی معیار کو بڑھانے کے لئے ضروری ہے۔دورانِ میٹنگ پرائیویٹ بی ایڈ کالج ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پرائیویٹ کالجوں میں داخلوں کے معاملے کو مرکزی حکومت اور متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھانے کے لئے وزیرموصوفہ کا شکریہ اَدا کیا تاکہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل ممکن بنایا جا سکے۔وزیر تعلیم نے شرکأسے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اِداروں کے مشترکہ تعاون سے ایک مضبوط، متحرک اور مؤثر تعلیمی نظام قائم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ جموں و کشمیر کے طلبأ کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی نتائج میں بہتری لانے کے لئے پُرعزم ہے۔میٹنگ میں نمائندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے دیگر مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر موصوفہ نے یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات اور شکایات کا ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔










