گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں مجموعی مثبت معاملات کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے اور اِس ہفتے مجموعی مثبت معاملات کم ہو کر 3.47فیصد رہ گئی ہے ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں کووِڈ۔19مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں58 مثبت معاملات سرگرم ہیں اور اگلے 100 دِن اہم ہیں ۔اُنہوں نے سب سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی) اور دیگر ایس او پیز پر عمل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل کی سخت نگرانی کے تحت بد ھ وار سے ضلع میں بلاک دیوس دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور اگلے دو ہفتوں کے لئے بلاک دیوس صرف ضلع ہیڈ کوارٹروں میں منعقد کئے جائیں گے اور کووِڈ کے حوالے سے پیرا میٹروں کا تجزیہ کرنے کے بعد بلاک دیوس ضلع کے دیگر شناخت شدہ مقامات پر بھی دوبارہ شروع ہوگا اور اس کے مطابق لوگوں کو مطلع کیا جائے گا۔










