ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے برفباری مژھل میں عوامی دربار کی صدارت کی

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے آج کہا کہ ضلع کپواڑہ کے پہاڑی ،دُور دراز اور سرحدی علاقوں کی ترقی ایل جی اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِن باتوں کا اِظہار آج کپواڑہ ضلع کے برف پوش مژھل بلاک میں ایک عوامی دربار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ سینئر سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس کپواڑہ یوگل منہاس اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔اُنہوں نے مژھل ہیڈ کوارٹر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کے روز اِنتظامیہ نے برف سے منسلک سرحدی علاقے مژھل میں ہفتہ وار عوامی دربار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زمینی سطح پر اِس سرحدی علاقے کی ضروریات کی نگرانی کی جاسکے۔اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ایل جی اِنتظامیہ ضلع کے تمام علاقوں بالخصوص پہاڑی اور سرحدی علاقوں جیسے مژھل ، کیرن اور کرناہ میں مساوی ترقی کے لئے پُر عزم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یہاں جو مثبت بات سامنے آئی و ہ یہ ہے کہ شدید برفباری کے باوجود علاقے میں بجلی کی سپلائی بہتر رہی جس سے علاقے میں زندگی آرام دہ ہوگئی۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ صحت شعبے میں عملے کی کمی پر قابو پانے کے لئے بھی غور کر رہی ہے جس کے لئے ایک منصوبہ پائپ لائن میں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس علاقے میں غذائی اجناس اور دیگر ضروری اشیاء پہلے ہی ڈمپ ہیںجو اِس برس مئی تک ضروریات پوری کرلیں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ٹیلی نیٹ ورکنگ کے حوالے سے لوگوں کو یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ پہلے ہی متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں ہے اور اُمید ظاہر کی کہ جلد ہی بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقامی بی ڈی سی چیئرپرسن ، پی آر آئی اور علاقے کے معزز شہریوں کے ذریعہ پیش کردہ مختلف عوامی مسائل سنے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موقعہ پر ہی متعلقہ اَفسران کو مسائل اور دیگر شکایات کے بروقت حل کے لئے ہدایات دیں۔