ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے ضلع کے کئی علاقوں کا دورہ کیا

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے برفباری کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ضلع کے مختلف علاقوں بشمول نہامہ ، چولگام اور میر ہامہ کا دورہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوران برف صاف کرنے کے کام کا معائینہ کیا اور ضلع میں موجودہ موسمی صورتحال سے پید ا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کئے گئے دیگر اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے چولگام اور نہامہ میں میکنیکل اِنجینئرنگ کے دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہیں بتایا گیا کہ ضلع میں برف صاف کرنے کی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں اور سڑکوں سے برف صاف کرنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری تعینا ت کی گئی ہے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سڑکوں سے برف صاف کرنے کو یقینی بنائیںتاکہ لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سے کئی وفود بھی ملے اور وفود نے اُنہیں اَپنے مسائل گوش گزار کئے ۔ اُنہوں نے وفودکو بغور سنا او ران کے مسائل کو جلد ازالہ کرنے کی یقین دہانی کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ڈی ڈی سی شوکت احمد راتھر ، اے سی آر میر امتیاز العزیز ، اے سی ڈی محمد عمران خان اور دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔