dooran

ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے عید الاضحی کے سلسلے میں مارکیٹ کا جامع معائینہ کیا

ڈوڈہ//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے عید الاضحی سے قبل ڈوڈہ قصبے میں مارکیٹ کا مکمل معائینہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے اے سی آر ڈوڈہ، ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ڈی ایس پی ٹریفک، ای او ایم سی، فوڈ اِنسپکٹر اور دیگراَفسروں کے ہمراہ قواعد و ضوابط اور معیارات کی تعمیل کو یقینی بنایا۔اِس دورے کا مقصد مارکیٹ چیکنگ کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنااور عید الاضحی کی تقریب سعیدکے دوران مناسب قیمتوں پر ضروری اشیأ کی دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے معائینے کے دوران دکانداروں، تاجروں اور خریداروں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانیوں کو دُور کیا جاسکے اور مارکیٹ کا ساز گار ماحول کو برقرار رکھا جاسکے۔اُنہوںنے عید گاہ ڈوڈہ کا بھی دورہ کیا اور نماز عید الاضحی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عید گاہ کی صفائی، حفاظت اور اجتماع کے لئے مجموعی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی۔اُنہوں نے عوامی مقامات پر نظم و نسق اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تقریب سعید کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کو برقرار رکھنے کے لئے تمام شراکت داروں سے تعاون پر زور دیا۔مزید برآں، ضلع ترقیاتی کمشنرنے عوام پر زور دیا کہ وہ ڈوڈہ میں سڑک کے کنارے گاڑیاں پارک نہ کریں۔اُنہوں نے تقریب سعید کے دوران ٹریفک کی آسان روانی کو برقرار رکھنے اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے سڑک کے کنارے نو پارکنگ پالیسی کو سختی سے عملانے پر زور دیا۔ڈوڈہ کی ضلعی اِنتظامیہ فعال اقدامات اور مشترکہ کوششوں سے تمام رہائشیوں کے لئے عید الاضحی کے محفوظ اور خوشگوار تقریب کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔