ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے شیلنگ متاثرین میں اِمداد ی سامان تقسیم کیا

ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے شیلنگ متاثرین میں اِمداد ی سامان تقسیم کیا

پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کنڈل نے ہمدردانہ اَقدام کے تحت آج سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ کنبوں میں اِمدادی سامان تقسیم کیا۔ اِمدادی تقسیم کا عمل ڈپٹی کمشنر دفتر کے احاطے میں انجام دیا گیا جہاں متاثرین کو گرم کمبل، راشن کِٹس اور دیگر ضروری گھریلو اشیاء فراہم کی گئیں۔اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مادی اِمداد کے ساتھ ساتھ نقد اِمداد بھی فراہم کی۔ ضلع اِنتظامیہ ایک فعال اور عوام دوست حکمت عملی کے تحت گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں کمزور طبقات تک مسلسل پہنچ رہی ہے۔ سینئر اَفسران اور فیلڈ ٹیمیں زمینی سطح پر نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے متحرک ہیںجبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لئے خصوصی ہیلپ لائنز بھی کھلی ہوئی ہیں۔وِکاس کنڈل نے اِمدادی سامان کی تقسیم کے دوران بات کرتے ہوئے یقین دہانی کی کہ اِنتظامیہ متاثرہ لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ہرکنبے کی مکمل بحالی تک اِمداد فراہم کرتی رہے گی۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ نقصانات کے جائزے کے ساتھ ساتھ متاثرین کو بروقت معاوضہ اور تحفظ فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔