پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے محکمہ سوشل ویلفیئر میں سپروائزر کے عہدے کے لئے آنے والے او ایم آر پر مبنی اِمتحانات کے اِنتظامات کا جائزہ لینے اور حتمی شکل دینے کے لئے نوڈل افسران ، اداروں کے سربراہان اور سینٹر سپراِنٹنڈنٹوں کے ساتھ ایک جامع میٹنگ کی صدارت کی۔یہ اِمتحان جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ذریعہ 23 ؍جون 2024 ء کو منعقد کیا جائے گا۔سیکورٹی اور مانیٹرنگ کے مقاصد کے لئے زیادہ تر مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے 19 مراکز اور سٹرانگ روم میں سے ہر ایک میں ویڈیوگرافروں کی تعیناتی سے اس میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کے مطابق مکمل فریسکنگ پروٹوکول کو عملایاجائے گا اور ہر مرکز میں مدد کے لئے خواتین کارکن موجود ہوں گی۔ نوڈل افسران اور ایچ او آئی نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی کہ امتحانی مواد کی وصولی اور بھیجنے کے لئے وقف ٹیموں سمیت تمام لاجسٹک انتظامات کئے گئے ہیں۔اِمتحان ضلع بھر کے 19 اِمتحانی مراکز میں ہوگا اور 7,351 اُمیدواروں کے اِمتحان میں شرکت کی توقع ہے۔جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے بارے میں جانکاری دی اور بتایا کہ سینٹر سپراِنٹنڈنٹوں اور دیگر عملے کو ضروری تربیت دی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پورے عمل میں دیانتداری اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اوراُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِمتحانات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر، پلوامہ، ترال اور اونتی پورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں ، اداروں کے سربراہان اور سینٹر سپراِنٹنڈنٹوں سمیت اہم اَفسران نے شرکت کی۔










