گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے ریشی پورہ سلورہ میں حضرت قمر الدین بخاری ؒ کے عرس مبارک کے اِنتظامات کا جائزہ لینے اور اسے حتمی شکل دینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ عرس مُبارک کا آغاز 23؍ اگست سے یکم ؍ ستمبر تک ہوگا اور مرکزی اِجتماع حضرت قمرالدین بخاریؒ ریشی پورہ میں منعقد ہوگا۔میٹنگ میں بجلی کی فراہمی ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، آگ بجھانے کے اَقدامات ، ٹریفک او رپارکنگ پلان ، زیارت گاہ کے اَندر اور اَطراف میں صفائی ستھرائی کے اقدامات ، صحت ، سٹالوں کی تنصیب اور دیگر متعلقہ اِنتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے سیر حاصل بحث و تمحیص ہوئی۔میونسپل کونسل گاندربل کو ہدایت دی گئی کہ وہ زیارت گاہ کے اَندر اور اس کے آس پاس صفائی کو یقینی بنائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور زیارت گاہ کے قریب عارضی موبائل بیت الخلاء بنائے جائیں۔ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈی ڈی کو ہدایت دی گئی کہ وہ مرکزی مقام پر جنرل سیٹ کی دستیابی اور علاقے میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اِسی طرح پولیس اور ٹریفک حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ زیارت گاہ کی طرف جانے والے راستوں پر جہاں بڑے اِجتماعات کی توقع کی جاتی ہے مناسب سیکورٹی اور ٹریفک کے ضابطوں کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں اے آر ٹی او کو ہدایت دی گئی کہ وہ ڈپٹی ایس پی کے ساتھ تال میل میں ٹرانسپورٹ اور پارکنگ کے مناسب اِنتظامات کریں اور ایام عرس میں گاڑیوں کی آمد و رفت کو ہموار چلانے کے لئے ’’ نواَنٹری زون ‘‘ کامنصوبہ پیشگی طے کرے گا۔میٹنگ میں حضرت قمرالدین بخاری ؒ کے عرس کے لئے موٹر بوٹوں اورعقیدت مندوں کو زیارت گاہ تک لے جانے ولاے شکاریوں کے لئے نیوی گیشن چینلوں کی بحالی پر بھی غور و خوض ہوا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آئی اینڈ ایف سی اور محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ واٹر روٹ کا مشترکہ معائینہ کریں اور واٹر چینل میں تمام رُکاوٹوں کو دور کریں جن میں جڑی بوٹیوں ، جھاڑیوں سمیت پانی کی ٹرانسپورٹیشن کو آسانی سے چلایا جاسکتا ہے۔دوران میٹنگ ثقافتی پروگراموں کا اِنعقاد، چراغاں ، پبلک ایڈریس سسٹم کی تنصیب ، تفریحی سامان کی تنصیب اور شامیانے کے اِنتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے کہا کہ عرس تزک و احتشام سے منایا جائے گا ۔ اُنہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ آپس میں مل کر کام کریں اور عرس کے پُر اَمن اِنعقاد کے لئے تمام اِنتظامات کو بروقت مکمل کرے کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی گاندربل مشتاق احمد سمنانی ، ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر ، جل شکتی اور آراینڈ بی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، تحصیل دار گاندربل ، سی ایم او ، اے آر ٹی او ، قمریہ اوقاف ٹرسٹ کے نمائندے اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










