سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے پہلے قافلے کا آج سری نگر کے پانتھا چوک میں والہانہ اِستقبال کیا۔پوتر امرناتھ یاترا پر جانے والے یاتریوں کے اِفتتاحی گروپ کا مقامی اَفسران کی جانب سے گرمجوشی سے اِستقبال کیا گیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگرڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سری نگر آشیش کمار مشرا اور دیگر سول اور پولیس اہلکار یاتریوں کو مُبارک باد دینے کے لئے موجود تھے۔ضلع ترقیاتی سری نگر نے کہا کہ امرناتھ یاترا ہمارے لئے ایک اہم ایونٹ ہے اور ہم تمام یاتریوں کی حفاظت اور آرام کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ہم کھلے دل سے تمام عقیدتمندوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کے سفر کے دوران ان کا ساتھ دینے کے لئے یہاں حاضر ہیں۔‘‘ضلع اِنتظامیہ نے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جامع انتظامات کئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے کہا کہ وسیع تیاریوں میں یاتریوںکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حفاظتی اقدامات، طبی سہولیات اور لاجسٹک سپورٹ شامل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یاتری اس یقین کے ساتھ امرناتھ غار تک اپنے روحانی سفر کا آغاز کر سکتے ہیں کہ مقامی حکام ان کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لئے پُرعزم ہیں۔










