بارہمولہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے افسران کی ایک ٹیم کے ہمراہ آج پٹن کے گوم احمد پورہ میں واقع امام باڑہ کا دورہ کیا اور محرم الحرام سے قبل مقامی نمائندوں سے بات چیت کی اور کمیونٹی کے مسائل کو حل کیا۔اُنہوں نے دورے کے دوران عوامی نمائندوں کے ساتھ قریبی بات چیت کی اور ان کے مسائل بغور سُنا جس میں بنیادی ڈھانچے کی مرمت، صفائی ستھرائی، پینے کے پانی، بجلی کی فراہمی، طبی سہولیات اور لکڑی کی فراہمی شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔مزید برآں، اُنہوں نے امام بارہ گوم احمد پورہ میں بجلی کے بیک اپ کے لئے جن سیٹ کی تنصیب کی ہدایت دی جہاں جلوسوں کے دوران بڑے اجتماعات جمع ہوتے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اور ان کے ساتھ موجود اَفسران کی ٹیم نے ان مسائل کے حل کی نگرانی کے لئے مربوط کوششیں کیں۔اُنہوں نے کمیونٹی کی ضروریات کے پیش نظر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ اس فعال نقطہ نظر کا مقصد اجتماعات کی ثقافتی اہمیت کا احترام کرتے ہوئے محرم الحرام کی ہموار اور ہم آہنگی سے اِنعقاد کو یقینی بنانا ہے۔










