بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے آج ہائیر سیکنڈری سکول گوم احمد پورہ میں ’بلاک دیوس ‘کی کارروائی کی صدارت کی۔اس تقریب میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران، سابق پنچایتی راج اِداروں اور علاقے کے عوام کے ارکان نے شرکت کی۔’ بلاک دیوس‘ نے کمیونٹی کی شکایات کو دور کرنے اور مقامی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔مکینوں نے بلاک دیوس کے دوران کئی مسائل اُٹھائے جن میں ہنجی ویرا۔ماگام لنک روڈ کی خستہ حالی، غیر معیاری کیڑے ماراَدویات کی فروخت پر تشویش، پنچایت گھر کی فوری ضرورت، اِمام باراںکے احاطے سے ٹرانسفارمر کی منتقلی، کان کنی اور ڈمپنگ سائٹس کی وجہ سے نالے کے قریب پانی کی آلودگی کے مسائل، نیابت میں ناکافی عملہ اور بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافہ شامل ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام مسائل بغورسنا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان شکایات کو فوری طور پر اَزالہ کریں۔ اُنہوں نے ’بلاک دیوس ‘کو نچلی سطح پر جامع اور ذمہ دار حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کی کوششوں کا ایک لازمی حصہ قرار دیا۔اس تقریب میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ پٹن، چیف میڈیکل آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت اور مختلف محکموں کے دیگر ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔










